’انڈمان اور نکوبار جزائر کا نام بدل کر آزاد ہند رکھا جائے‘، کے کویتا نے وزیر اعظم مودی کو لکھا خط
تلنگانہ جاگرتی کی بانی کویتا نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ انڈمان اور نکوبار جزائر کا نام ’آزاد ہند‘ رکھا جائے۔

پراکرم دیوس (یوم شجاعت) کے موقع پر انڈمان اور نکوبار جزائر کے نام کو لے کر ایک بار پھر سیاسی بحث تیز ہو گئی ہے۔ تلنگانہ جاگرتی کی بانی کے کویتا نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر مطالبہ کیا ہے کہ انڈمان اور نکوبار جزائر کا نام ’آزاد ہند‘ رکھا جائے۔ کویتا کا کہنا ہے کہ یہ قدم تحریک آزادی کے ہیرو نیتا جی سبھاش چندر بوس کی خدمات کو دائمی خراج عقیدت پیش کرے گا۔
کے کویتا نے اپنے خط میں یاد دلایا کہ 30 دسمبر 1943 کو نیتا جی سبھاش چندر بوس نے پورٹ بلیئر میں ترنگا لہرایا تھا۔ اور ان جزائر کو برطانوی راج سے آزاد ہونے والا پہلا ہندوستانی علاقہ قرار دیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ آزاد ہند کی عارضی حکومت کے تحت نیتا جی نے ان جزائر کے نام شہید جزیرہ اور سوراج جزیرہ رکھے تھے۔ کویتا کے مطابق پورے جزائر کا نام ’آزاد ہند‘ رکھنا اسی تاریخی اعلان کی اصل پہچان ہوگی۔
کویتا نے کہا کہ حالیہ برسوں میں کچھ جزائر کے نام بدلے گئے ہیں، لیکن پورے جزائر کی شناخت اب بھی برطانوی دور کے نام سے جڑی ہوئی ہے۔ انہوں نے دلیل دی کہ ’آزاد ہند‘ نام ہندوستان کے پہلے خود مختار اعلان کی علامت ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ نام تحریک آزادی کی تاریخ کو ملک کی جغرافیائی شناخت سے جوڑے گا اور آنے والی نسلوں میں قومی شعور کو مضبوط کرے گا۔
واضح رہے کہ مرکزی حکومت اس سے قبل بھی انڈمان اور نکوبار سے منسلک ناموں میں تبدیلیاں کر چکی ہے۔ 2018 میں راس آئی لینڈ کا نام نیتا جی سبھاش چندر بوس جزیرہ، نیل آئی لینڈ کا نام شہید جزیرہ اور ہیولاک آئی لینڈ کا نام سوراج جزیرہ رکھا گیا تھا۔ اس کے علاوہ، ستمبر 2024 میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اعلان کیا تھا کہ پورٹ بلیئر کا نام بدل کر ’شری وجے پورم‘ کیا جائے گا۔ حکومت کا موقف رہا ہے کہ یہ تبدیلیاں نوآبادیاتی اثرات کو ختم کرنا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ہر سال 23 جنوری کو پورے ملک میں نیتا جی سبھاش چندر بوس کا یوم پیدائش ’پراکرم دیوس‘ کے طور پر منایا جاتا ہے۔ مرکزی حکومت نے 2021 میں اس دن کو سرکاری طور پر ’پراکرم دیوس‘ قرار دیا تھا۔ نیتا جی نے آزاد ہند فوج تشکیل دے کر تحریک آزادی کو ایک نئی سمت دی تھی۔ کے کویتا نے مرکزی حکومت سے اپیل کی ہے کہ ’آزاد ہند‘ نام کو نافذ کرنے کے لیے ضروری آئینی اور انتظامی عمل شروع کیا جائے، تاکہ یہ قدم نیتا جی کی ہمت اور دور اندیشی کے لیے ایک سچی خراجِ عقیدت بن سکے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔