کراچی میں دہشت گردانہ حملہ کے لیے پاکستان نے ہندوستان کو ٹھہرایا ذمہ دار، تو کانگریس نے دکھایا آئینہ

منیش تیواری نے پاکستان کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ اپنے اندر جھانک کر دیکھئے اور دنیا میں دہشت گردی و دہشت گردوں کو بھیجنا بند کیجئے۔ انہوں نے کہا کہ ’ڈیپ اسٹیٹ‘ کا مطلب ہے اصل مسئلہ آپ لوگ ہی ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>منیش تیواری / ’ایکس‘&nbsp;@ManishTewari</p></div>
i

پاکستان کے شہر کراچی میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کا الزام پاک آرمی چیف عاصم منیر نے ہندوستان پر لگا دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس حملے کے پیچھے ہندوستان کا ہاتھ ہے۔ اس کے ساتھ ہی یہ بھی دعویٰ کیا کہ پراکسی تنظیم جماعت الاحرار نے اس حملے کو انجام دیا ہے۔ پاکستان کی طرف سے لگائے گئے ان الزامات کا کانگریس نے سخت جواب دیا ہے۔

کانگریس کے رہنما منیش تیواری نے ’ایکس‘ پر جاری اپنے بیان میں پاکستان کو آئینہ دکھاتے ہوئے کہا کہ اسے یاد رکھنا چاہیے– امریکہ کی سابق وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے 21 اکتوبر 2011 کو پاکستانی وزیر خارجہ حنا ربانی کھر سے کہا تھا: ’’آپ اپنے گھر کے آنگن میں سانپ پال کر یہ امید نہیں کر سکتے کہ وہ صرف آپ کے پڑوسیوں کو ہی کاٹیں گے۔ آخر کار وہ سانپ اسی کو ڈسیں گے جس نے انہیں اپنے گھر میں پالا ہے۔‘‘ منیش تیواری نے پاکستان کو نصیحت دیتے ہوئے کہا کہ اپنے اندر جھانک کر دیکھئے اور دنیا میں دہشت گردی اور دہشت گردوں کو بھیجنا بند کیجئے۔ انہوں نے سخت انداز اختیار کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ’ڈیپ اسٹیٹ‘ کا مطلب ہے کہ اصل مسئلہ آپ لوگ ہی ہیں۔


واضح رہے کہ پاکستان کے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کراچی حملے کے حوالے سے ’ایکس‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ 27 جون 2026 کو کراچی میں پاکستان رینجرس (سندھ) کے کیمپ پر ہندوستان کی پراکسی تنظیم جماعت الاحرار سے وابستہ خوارج نے ایک بزدلانہ دہشت گردانہ حملہ کیا۔ کیمپ کے مرکزی دروازے پر دھماکے کے بعد حملہ آوروں نے سیکورٹی حصار کو توڑنے کی کوشش کی لیکن رینجرس کے جوانوں کی مستعدی اور پرعزم کارروائی نے ان کے ناپاک عزائم کو مکمل طور پر ناکام بنا دیا۔ انہوں نے 3 دہشت گردوں کو مار گرایا اور ایک زخمی کو گرفتار کر لیا جو افغان شہری ہے۔

پاکستانی فوج نے اعتراف کیا کہ اس مڈبھیڑ میں ملک کے 3 جوانوں نے عظیم قربانی دی، ڈیوٹی کے دوران جام شہادت نوش کیا جب کہ 4 فوجی زخمی ہو گئے۔ پاک آرمی کا کہنا تھا کہ ’’ہندوستان کی حمایت یافتہ کسی بھی تنظیم کو ختم کرنے کے لیے آپریشن چلائے جا رہے ہیں۔‘‘ اس کے ساتھ ہی پاکستان کی سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کا ’عزم استحکام‘ وژن کے تحت اپنی انسداد دہشت گردی مہم پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی تاکہ ملک سے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کے خطے کو پوری طرح ختم کیا جا سکے۔ پاکستان اپنے فوجیوں کی شہادت کا بدلہ لینے کے لیے اس حملے کو انجام دینے والوں کے خلاف جوابی کارروائی کرے گا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سی او اے ایس اور سی ڈی ایف عاصم منیر نے شہید فوجیوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔