پہلگام حملہ: کوئی اِس پار تو کوئی اُس پار، اٹاری اور واگھہ بارڈر پر اپنوں کے پاس جانے کی تگ و دو
ہفتہ کو 335 پاکستانی اپنے وطن لوٹ گئے جبکہ 75 ہندوستانی وہاں سے اپنے ملک واپس آئے۔ تین دنوں میں کُل 574 پاکستانی شہریوں کے اپنے ملک لوٹ جانے اور 467 ہندوستانیوں کے اپنے ملک واپس آنے کی خبر ہے۔

اٹاری۔واگھہ بارڈر/ ویڈیو گریب
پہلگام حملے کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کی وجہ سے اٹاری و واگھہ بارڈر پر کئی کنبے مصیبت میں پھنس گئے ہیں۔ جمعہ کو حالت یہ تھی کہ واگھہ میں پاکستانی شوہر انتظار کر رہے تھے تو ادھر اٹاری میں ان کی بیویاں اس پار جانے کی پوری کوشش کر رہی تھیں۔ وہیں ہفتہ کو اس کے برعکس ہوتا ہوا نظر آیا جب دو ہندوستانی شوہر سرحد کے اس پار موجود اپنی بیویوں کا انتظار کرتے رہے۔
اپنی اپنی بیویوں کو رسیو کرنے اٹاری سرحد پر پہنچے مہاراشٹر کے وکرم اُداسی اور رشی جیسرانی نے بتایا کہ ان کی بیویاں پاکستان میں ہیں۔ دونوں اپنے ماں-باپ سے ملنے پاکستان گئی تھیں پر اب انہیں پاکستان کی طرف سے ہندوستان نہیں آنے دیا جا رہا ہے۔ ان کا فون آیا تھا کہ وہ واگھہ سرحد پر پہنچ گئی ہیں پر دیر شام تک وہ ہندوستانی سرحد پر نہیں آئیں۔ ان کے پاس پاکستانی پاسپورٹ ہے یعنی اس وقت پاکستانی شہری ہیں۔
اسی طرح کراچی سے اپنی بوا دولت کا علاج کرانے ہندوستان آئے محمد رفیق کو ہفتہ کو پاکستان لوٹنا پڑا۔ اٹاری سرحد پر پہنچے محمد رفیق نے بتایا کہ ان کی بوا سنگین طور سے بیمار ہے۔ وہ جودھپور میں رہ رہے تھے۔ بوا کا علاج کروانے آئے تھے۔ ویزا تو ڈیڑھ ماہ کا تھا پر ابھی دو ہفتہ ہی ہوئے ہیں۔
جئے پور سے آئے بلیرام کنبہ سمیت اٹاری سرحد سے پاکستان لوٹ گئے۔ بلیرام نے بتایا کہ وہ 45 دنوں کے ویزا پر آئے تھے لیکن ابھی یہاں 20 دن ہی ہوئے تھے کہ لوٹنا پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے جو کچھ کیا وہ بہت غلط ہے۔ پاکستان میری سرزمیں ہے اور یہی چاہتا ہوں کہ دونوں ملکوں کی حکومتیں مل جلر کر اس مسئلے کا حل نکالیں تاکہ عام آدمی کو پریشانی نہ ہو۔
گرداس پور کے سٹھیالی باشندہ سونو مسیح نے پاکستان کے گجرانوالہ کی ماریا سے دو سال پہلے 8 جولائی 2024 کو شادی کی تھی۔ ماریہ اس وقت چھ ماہ کی حاملہ ہے۔ اب ماریہ کو فوراً ہندوستان چھوڑنے کا حکم دیا گیا ہے۔ اس سے فکرمند کنبہ نے پنجاب و حکومت ہند سے اپیل کی کہ شادی شدہ پاکستانی لڑکیوں کو چھوٹ دی جائے لیکن افسروں کا کہنا ہے کہ ایسے معاملوں میں مرکز کے حکم پر عمل کے علاوہ ان کے پاس کوئی متبادل نہیں ہے۔
اتر پردیش میں پریاگ راج سے 7 اور پاکستانی شہریوں کو واپس بھیج دیا گیا ہے۔ پریاگ راج میں کُل 35 پاکستانی شہری ہیں جو قلیل مدتی اور طویل مدتی ویزا لے کر رہے ہیں۔ ان سے 8 پاکستانی بھیجے جا چکے ہیں۔ غازی پور میں کراچی سے آیا پاکستانی طفیل احمد جمعرات کو ہی اپنے ملک واپس چلا گیا۔ وارانسی پولیس کمشنر موہت اگروال نے بتایا کہ لانگ ٹرم آفیشیل اور ڈپلومیٹک ویزا ابھی منسوخ نہیں ہوا ہے اس لیے 9 پاکستانی ابھی بھی وارانسی میں ہیں۔
ویسے ’دینک جاگرن‘ کی خبر کے مطابق ہفتہ کو 335 پاکستانی اپنے وطن لوٹ گئے جبکہ 75 ہندوستانی وہاں سے اپنے ملک واپس آ گئے۔ گزشتہ تین دنوں میں کُل 574 پاکستانی شہری اپنے ملک گئے جبکہ 467 ہندوستانی اپنے ملک واپس آئے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔