پہلگام حملہ: این ایس یو آئی نے مہلوکین کو پیش کیا خراج عقیدت، ملی کونسل کا اظہارِ رنج و غم، نانگلوئی میں نکلا کینڈل مارچ
این ایس یو آئی کے قومی صدر ورون چودھری نے کہا کہ ہم اس بربریت پر مبنی بزدلانہ حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، یہ خوفناک حادثہ پورے ملک کو جھنجھوڑ دینے والا ہے۔

پہلگام میں دہشت گردانہ حملہ کے خلاف کینڈل مارچ
نئی دہلی: پہلگام میں 22 اپریل کو ہوئے بہیمانہ قتل واقعہ کے خلاف مختلف تنظیموں کے ذریعہ سخت رد عمل کا سلسلہ جاری ہے۔ اس دہشت گردانہ واقعہ کے خلاف لوگ سڑکوں پر نکل کر مظاہرہ کر رہے ہیں اور مظاہرین میں سبھی مذاہب کی شرکت ہو رہی ہے۔ جواہر لال نہرو میں آج این ایس یو آئی کے قومی صدر ورون چودھری کی قیادت میں ایک خاموش اور جذباتی جلسہ منعقد ہوا جس میں جاں بحق 26 بے قصور شہریوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اس موقع پر کینڈل مارچ بھی نکالا گیا اور حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ قصورواروں کو قرار واقعی سزا دی جائے۔
اس موقع پر ورون چودھری نے کہا کہ ’’ہم اس بربریت پر مبنی بزدلانہ حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ ہندوستان ایک جمہوری ملک ہے اور آج ملک بھر کے طلبا اس دہشت گردانہ حملے کی اجتماعی طور پر مذمت کرتے ہیں۔ ہم شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، ان کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’یہ خوفناک واقعہ پورے ملک کو جھنجھوڑنے والا ہے۔ یہ لمحہ خاموشی اختیار کرنے کا نہیں بلکہ اجتماعی غور و فکر اور کارروائی کا ہونا چاہیے۔‘‘
آل انڈیا ملی کونسل نے بھی پہلگام کے سیاحتی مقام پر دہشت گردانہ حملوں کی شدید لفظوں میں مذمت کی ہے۔ اس تنظیم نے معصوم انسانی جانوں کے قتل و خون پر اپنے سخت غم وغصہ کا اظہار کرتے ہوئے ایک پریس بیان جاری کیا ہے۔ جاری پریس بیان میں جنرل سکریٹری ڈاکٹر محمد منظور عالم نے جنوبی کشمیر کے سیاحتی مرکز پہلگام سے متصل ویلی میں منگل کی دوپہر بے گناہوں پر ہوئے حملے کی جہاں شدید مذمت کی، وہیں اس حملے میں ہلاک اور زخمی ہوئے خاندانوں کے ساتھ بے انتہا ہمدردی و سوگواری کا اظہار کیا ہے۔ جنرل سکریٹری کونسل نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا اور ملک وقوم کو اس انداز سے نقصان پہنچانے والوں کے ساتھ کسی طرح کی نرمی برتے جانے کا کوئی سوال ہی نہیں اٹھتا۔ حکومت ہند کو اس تعلق سے تمام پہلوؤں سے ضروری ایماندارانہ جانچ پڑتال کرکے ایسے خونخوار افراد کو فوری گرفت میں لانے اور حقائق سے پردہ اٹھانے کی ترجیحی ضرورت ہے، یقیناً جن عناصر نے یہ ظالمانہ حرکتیں کی ہیں، وہ بے انتہا بزدلانہ عمل ہے۔
محمد منظور عالم کا کہنا ہے کہ کشمیر کی ٹورزم انڈسٹری کو اس طرح کے واقعات سے آگے شدید نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ علاقے میں امن وامان اور عام شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائے۔ سچ تو یہ ہے کہ یہ ایک سیکوریٹی کے نقص کا معاملہ ہے، جسے ترجیحی طور پر دور کیا جانا چاہیے اور حکومت کو ہر جہت سے اپنی خفیہ معلومات کو مزید مضبوط ومستحکم بنانے کی طرف توجہ دینا چاہیے۔
اس درمیان پہلگام حملہ کے خلاف آج دہلی کے نانگلوئی علاقے میں ایک پرامن کینڈل مارچ کا انعقاد کیا گیا، جس میں تمام مذاہب، ذاتوں اور خطوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے قومی یکجہتی اور امن کا پیغام دیا۔ اس موقع پر شرکاء نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس بزدلانہ حملے کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کرے اور ملک میں امن و امان قائم رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات اٹھائے۔ یہ مارچ دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے اقلیتی شعبہ کے نائب صدر مخدوم خان کی قیادت میں منعقد ہوا۔

اس موقع پر امجد خان، سبروز خان، الحاج الطاف علی، مولانا نسیم الحق، سلیم خان، یونس بھائی، اچّو بھائی سمیت کئی اہم سماجی، مذہبی و سیاسی شخصیات موجود تھیں۔ مارچ کے دوران شرکاء نے شمعیں روشن کر کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور اجتماعی طور پر دعا کی کہ ملک امن و سلامتی کا گہوارہ بنا رہے۔ مقررین نے اپنے خطاب میں زور دیا کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم کو متحد ہو کر لڑنا ہوگا، اور ایسے عناصر کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا جو ملک کی سالمیت اور بھائی چارے کو نقصان پہنچانے کی کوشش کریں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔