گروگرام میں 300 کروڑ روپے کی دھوکہ دہی کے معاملے میں رئیل اسٹیٹ کے بانی کتیال گرفتار
بانی امت کتیال پر کرِش ورلڈ (سیکٹر 63، گروگرام) اور پروونس اسٹیٹ جیسے دیگر پروجیکٹوں میں بھی اسی طرح کے طریقے اپنانے کا الزام ہے۔

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے حوالہ کاروبار کے معاملے میں اینگل انفراسٹرکچر پرائیویٹ لمیٹڈ کے ایک اہم ملزم اور بانی امت کتیال کو گرفتار کر لیا ہے۔ ای ڈی کے ہریانہ میں گروگرام علاقائی دفتر کے ذرائع نے بدھ کو یہ معلومات دی۔ انہوں نے بتایا کہ کتیال کو گروگرام کی خصوصی عدالت (پی ایم ایل اے) میں پیش کیا گیا، جہاں سے اسے چھ دن کے لیے ای ڈی کی حراست میں بھیج دیا گیا۔
ای ڈی نے گروگرام پولیس اور دہلی اقتصادی جرائم کی شاخ کی طرف سے درج کی گئی ایف آئی آر کی بنیاد پر تحقیقات شروع کیں۔ شکایات میں گروگرام کے سیکٹر 70 میں 14 ایکڑ زمین پر واقع 'کرِش فلورنس اسٹیٹ' نامی ایک پروجیکٹ میں فلیٹوں کی ڈیلیوری نہ کرنے کا الزام لگایا گیا تھا ۔
ای ڈی کی تحقیقات سے پتہ چلا کہ کتیال نے ایک دوسرے ڈویلپر کے ساتھ دھوکے سے لائسنس حاصل کیا اور ہریانہ کے ٹاؤن اینڈ کنٹری پلاننگ ڈیپارٹمنٹ(ڈی ٹی سی پی) سے لائسنس ملنے سے بہت پہلے ہی ممکنہ خریداروں سے رقم جمع کرنا شروع کر دی تھی۔
ای ڈی کے مطابق، اس سرگرمی سے حاصل ہونے والی جرائم کی کُل آمدنی 300 کروڑ روپے سے زیادہ ہے۔ یہ پروجیکٹ ایک دہائی سے زیادہ عرصے تک نامکمل رہا، صرف تین ٹاورز کی تعمیر ہوئی، لیکن وہ بھی مکمل نہیں ہوئے، جس کی وجہ سے گھر خریدنے والے لوگوں کی ایک یونین نے دیوالیہ پن کی کارروائی شروع کر دی۔ تحقیقات میں یہ بھی پتہ چلا کہ کتیال نے مرکزی حکومت کے ملازمین کے لیے بنائے گئے ایک پروجیکٹ میں تیسرے فریق کے ساتھ کئی فراڈ بکنگ کیں، ساتھ ہی دوسرے مقاصد کے لیے فنڈز میں ہیرا پھیری کی، جس کی وجہ سے پروجیکٹ رک گیا۔
ایک افسر نے بتایا کہ کتیال گروگرام پولیس اور دہلی اقتصادی جرائم شاخ کی طرف سے درج کئی ایف آئی آر میں بھی ملزم ہے اور اس پر کرِش ورلڈ (سیکٹر 63، گروگرام) اور پروونس اسٹیٹ جیسے دیگر پروجیکٹوں میں بھی اسی طرح کے طریقے اپنانے کا الزام ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔