دہلی: کیجریوال حکومت کے دعووں کی کھل گئی قلعی، شدید سردی سے 170 بے گھر افراد کی موت

آئی ایم ڈی کے مطابق دہلی میں منگل کے روز 9 سال میں جنوری میں سب سے زیادہ سرد دن دیکھا گیا، جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے 10 ڈگری نیچے گر کر 12.1 ڈگری سلسیس درج کیا گیا۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

دہلی میں گزشتہ 28 دنوں میں شدید سردی سے کم از کم 172 بے گھر لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ ایک غیر سرکاری ادارہ سنٹر فار ہولسٹک ڈیولپمنٹ (سی ایچ ڈی) کے ذریعہ تیار ایک رپورٹ میں اس کی جانکاری دی گئی ہے۔ سی ایچ ڈی نے دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال، جو دہلی شہری آشرے سدھار بورڈ (ڈی یو ایس آئی بی) کے سربراہ بھی ہیں، انھیں ایک خط لکھا ہے، جس میں گزارش کی گئی ہے کہ سردیوں کے دوران بے گھر لوگوں کے لیے مناسب انتظام کیا جانا چاہیے۔

سی ایچ ڈی کے ایک افسر کے مطابق سرائے کالے خاں، آصف علی روڈ، کشمیری گیٹ، آزاد پور، نظام الدین، اوکھلا، چاندنی چوک اور دہلی گیٹ جیسے مقامات پر بے گھر لوگ بڑی تعداد میں کھلے میں سوتے ہیں۔ 25 جنوری کو این جی او نے دعویٰ کیا تھا کہ دہلی میں بہت زیادہ ٹھنڈ کے سبب کم از کم 106 لوگوں کی موت ہو گئی جن میں سے بیشتر بے گھر افراد تھے۔ حالانکہ ڈی یو ایس آئی بی نے رپورٹ کی یہ کہتے ہوئے تردید کی ہے کہ بورڈ شہر میں بے گھر لوگوں کی بہت اچھی دیکھ بھال کرتا ہے۔


ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق دہلی میں منگل کو 9 سال میں جنوری میں سب سے ٹھنڈا دن دیکھا گیا، جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے 10 ڈگری نیچے گر کر 12.1 ڈگری سلسیس درج کیا گیا۔ اسی طرح قومی راجدھانی اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں اس مہینے اچھی خاصی بارش ہوئی۔

دہلی میں اس سال جنوری میں 88.2 ایم ایم بارش درج کی گئی ہے جو اب تک کا ریکارڈ ہے۔ سال کے پہلے مہینے میں راجدھانی شہر میں 88.2 ایم ایم بارش ہونے کے بعد شہر میں 122 سالوں میں سب سے زیادہ بارش درج کی گئی۔ بہرحال، بے گھر لوگوں کی موت سے متعلق رپورٹ پر نوٹس لیتے ہوئے بی جے پی ترجمان پروین شنکر کپور نے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ایک بار پھر کیجریوال حکومت نے قومی راجدھانی کے بے گھر لوگوں کو بے سہارا کر دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔