کسان مخالف بل سے ناراض مرکزی وزیر ہرسمرت نے دیا استعفیٰ، کانگریس نے بتایا 'علامتی دکھاوا'

فوڈ پروسیسنگ صنعت کی مرکزی وزیر ہرسمرت کور بادل نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ "میں نے کسان مخالف آرڈیننس اور قوانین کی مخالفت کرتے ہوئے مرکزی کابینہ سے استعفیٰ دے دیا ہے۔"

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

زراعت سے متعلق بل پر بی جے پی کی قیادت والی این ڈی اے میں ٹوٹ پھوٹ کے آثار نظر آنے لگے ہیں۔ این ڈی اے میں شامل پرانی پارٹی شرومنی اکالی دل (بادل) کی لیڈر اور فوڈ پروسیسنگ صنعت کی مرکزی وزیر ہرسمرت کور بادل نے کسان مخالف بل کے خلاف اپنی ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے مودی کابینہ سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ استعفیٰ نامہ ہرسمرت کور نے پی ایم نریندر مودی کو ارسال کیا ہے اور اس کی جانکاری انھوں نے ٹوئٹر کے ذریعہ دی۔ ٹوئٹ میں انھوں نے لکھا ہے کہ "میں نے کسان مخالف آرڈیننس اور قوانین کی مخالفت کرتے ہوئے مرکزی کابینہ سے استعفیٰ دے دیا ہے۔"

اپنے ٹوئٹ میں ہرسمرت کور نے کسانوں کے حق میں کھڑے ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے یہ بھی لکھا ہے کہ "کسانوں کے ساتھ ان کی بیٹی اور بہن کی شکل میں کھڑے ہونے پر فخر ہے۔" قابل ذکر ہے کہ ہرسمرت کور بادل مودی حکومت میں اکالی دل کی واحد نمائندہ ہیں۔


ہرسمرت کور کے استعفیٰ کے بعد کانگریس نے اسے 'علامتی دِکھاوا' بتایا ہے اور کہا ہے کہ اگر وہ واقعی کسانوں کی ہمدرد ہیں تو مودی حکومت سے حمایت واپس کیوں نہیں لیتیں۔ کانگریس ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ "اکالی دل کو علامتی دِکھاوے سے آگے بڑھ کر سچ کے ساتھ کھڑے ہونا چاہیے۔ جب کسان مخالف آرڈیننس کابینہ میں پاس ہوا تو ہرسمرت جی نے مخالفت کیوں نہیں کی؟ آپ لوک سبھا سے استعفیٰ کیوں نہیں دیتے؟ اکالی دل مودی حکومت سے حمایت واپس کیوں نہیں لیتا؟"

اپنے ٹوئٹ میں سرجے والا نے دشینت چوٹالہ کو بھی نشانہ بنایا۔ انھوں نے لکھا کہ "دشینت جی، ہرسمرت کے استعفیٰ کے ناٹک کو ہی دوہرا کر چھوٹے سی ایم کے عہدہ سے استعفیٰ دے دیتے۔ عہدہ پیارا ہے، کسان پیارے کیوں نہیں؟ کچھ تو راز ہے، کسان معاف نہیں کریں گے۔ جے جے پی حکومت کی پچھ لگو بن کسان کی کھیتی روٹی چھننے کے جرم کے شراکت دار ہیں۔"


قابل ذکر ہے کہ ہرسمرت کور کے ذریعہ استعفیٰ کے اعلان سے قبل شرومنی اکالی دل لیڈر سکھبیر سنگھ بادل نے لوک سبھا میں کہا تھا کہ پارٹی لیڈر اور مرکزی وزیر ہرسمرت کور بادل پارلیمنٹ میں لائے گئے زراعت سے متعلق آرڈیننس کی مخالفت میں مرکز کی مودی حکومت سے استعفیٰ دیں گی۔ لوک سبھا میں بحث کے دوران کانگریس کے الزامات کو خارج کرتے ہوئے سکھبیر بادل نے کہا تھا کہ "شرومنی اکالی دل نے کبھی بھی یو ٹرن نہیں لیا۔"

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 17 Sep 2020, 10:20 PM