مرکزی وزیر نارائن رانے کے بنگلے پر غیر قانونی تعمیرات توڑنے کا حکم، بامبے ہائی کورٹ نے 10 لاکھ روپے کا جرمانہ بھی لگایا

بامبے ہائی کورٹ کے ذریعہ بی جے پی لیڈر اور مرکزی وزیر نارائن رانے کے ممبئی واقع بنگلے پر ہوئی غیر قانونی تعمیرات کو منہدم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

نارائن رانے، تصویر آئی اے این ایس
نارائن رانے، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

بی جے پی لیڈر اور مرکزی وزیر نارائن رانے کے ممبئی واقع بنگلے پر ہوئی غیر قانونی تعمیرات کو منہدم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ بامبے ہائی کورٹ نے برہن ممبئی مہانگر پالیکا (بی ایم سی) کو نارائن رانے کے بنگلے کو دو ہفتہ کے اندر منہدم کرنے کی ہدایت دی ہے۔ رانے کا یہ بنگلہ ممبئی کے جوہو علاقہ میں ہے۔ جسٹس آر ڈی دھانوکا اور جسٹس کمل کھاتا کی ڈویژنل بنچ نے کمپنی پر 10 لاکھ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔ ساتھ ہی کمپنی کی طرف سے داخل اس عرضی کو بھی خارج کر دیا جس میں بی ایم سی سے اس کے سابقہ حکم سے متاثر ہوئے بغیر بنگلے میں غیر قانونی تعمیرات کو مستقل کرنے سے متعلق اس کی دوسری درخواست پر غور کرنے کی گزارش کی گئی تھی۔

عدالت نے عرضی دہندہ کمپنی کالکا ریئل اسٹیٹ پرائیویٹ لمیٹڈ کے وکیل شاردل سنگھ کے حکم پر 6 ہفتہ کی روک لگانے کے مطالبہ والی عرضی کو بھی خارج کر دیا۔ اس سال مارچ میں جب پچھلی مہا وکاس اگھاڑی برسراقتدار تھی، بی ایم سی نے کے آر ای پی ایل کو نوٹس جاری کیا تھا کہ وہ 15 دنوں کے اندر اپنے احاطہ میں تقریباً 300 فیصد کی غیر قانونی تعمیرات کو ہٹا دے۔ اس نوٹس کو کے آر ای پی ایل نے چیلنج پیش کیا تھا۔


عدالت نے سخت تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بی ایم سی کو سپریم کورٹ کے فیصلوں اور آئینی التزامات کے ساتھ نامناسب قدم اٹھانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ جسٹس دھانوکا اور جسٹس کھاتا نے کے آر ای پی ایل کی مستقلی کی دوسری درخواست کو خارج کرتے ہوئے کہا کہ یہ آئینی التزامات کے خلاف ممبئی شہر کے اندر بڑے پیمانے پر خلاف ورزی کو فروغ دینے کے موافق ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */