معطل اراکین پارلیمنٹ کی بحالی اور اجے مشرا کےاستعفی کے لیے اپوزیشن کا مارچ

اپوزیشن کے مارچ کی قیادت کرنے والی کانگریس کا کہنا ہے کہ ’’ہمارا مطالبہ واضح ہے، وزیر اعظم کو اپنے چہیتے وزیر مملکت برائے داخلہ کو عہدے سے برطرف کرنا ہی ہوگا‘‘۔

تصویر قومی آواز / وپن
تصویر قومی آواز / وپن
user

یو این آئی

نئی دہلی: کانگریس، ڈی ایم کے، شیوسینا سمیت بڑی اپوزیشن جماعتوں کے لیڈروں نے آج لکھیم پور کھیری کیس میں وزیر مملکت برائے داخلہ کی برطرفی اور راجیہ سبھا کے اراکین کی معطلی کو منسوخ کرنے کے مطالبے پر پارلیمنٹ ہاؤس سے وجے چوک تک مارچ کیا۔

اپوزیشن کے ارکان نے منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس میں بابائے قوم مہاتما گاندھی کے مجسمہ سے وجے چوک تک مارچ نکالا۔ ان جماعتوں کے لیڈروں نے گزشتہ ہفتے پارلیمنٹ ہاؤس سے وجے چوک تک مارچ بھی نکالا تھا۔ معطل ارکان سرمائی اجلاس کے آغاز میں معطل کیے جانے کے بعد سے پارلیمنٹ ہاؤس میں بابائے قوم مہاتما گاندھی کے مجسمے کے سامنے دھرنا دے رہے ہیں۔


کانگریس لیڈروں نے کہا کہ لکھیم پور کھیری میں شہید ہوئے کسانوں کے اہل خانہ کو انصاف دلانے کے لیے ان کی لڑائی جاری ہے۔ اپوزیشن کے مارچ کی قیادت کرنے والی کانگریس کا کہنا ہے کہ ’’ہمارا مطالبہ واضح ہے، وزیر اعظم کو اپنے چہیتے وزیر مملکت برائے داخلہ کو عہدے سے برطرف کرنا ہی ہوگا‘‘۔

قبل ازیں صبح کے وقت اپوزیشن کے ارکان نے راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر ملکارجن کھڑگے کے چیمبر میں میٹنگ کی، جس میں راجیہ سبھا ارکان کی معطلی کو منسوخ کرنے، لکھیم پور کھیری معاملے پر وزیر مملکت برائے داخلہ کے استعفیٰ کے مطالبے اور بقیہ سیشن کے لئے دونوں ایوانوں میں کام کاج کے مجموعی آپریشنز کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔