چندریان-2 مشن کا صرف 5 فیصد حصہ ہوا ناکام، پی ایم مودی اور راہل نے کی ’اِسرو‘ کی تعریف

پی ایم نریندر مودی نے چاند پر ’سافٹ لینڈنگ‘ میں ناکام اِسرو کے مایوس سائنسدانوں سے کہا کہ وہ بہادر بنیں کیونکہ آپ نے ابھی تک جو کچھ حاصل کیا ہے وہ کوئی چھوٹی بات نہیں ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

چندریان-2 مشن بھلے ہی 100 فیصد کامیاب نہیں ہوا، لیکن آپ کو یہ جان کر خوشی ہوگی کہ اِسرو کے سائنسدانوں نے اس مشن میں 95 فیصد کامیابی حاصل کر لی ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق اِسرو کے ایک افسر نے یہ بات اس وقت بتائی جب لینڈر ’وِکرم‘ چاند کی سطح پر سافٹ لینڈنگ سے ٹھیک 2.1 کلو میٹر دور تھا اور پھر اچانک اِسرو سنٹر کا اس سے رابطہ ٹوٹ گیا۔ اِسرو کے افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی گزارش کے ساتھ آئی اے این ایس خبر رساں ادارے کو بتایا کہ ’’مشن کا صرف 5 فیصد یعنی لینڈر وِکرم اور پرگیان روؤر کا نقصان ہوا ہے، جب کہ باقی 95 فیصد چندریان-2 آربیٹر اب بھی کامیابی کے ساتھ چاند کا چکر کاٹ رہا ہے۔‘‘

بہر حال، اس وقت اِسرو کے سائنسداں اس بات سے مایوس ہیں کہ وہ وکرم لینڈر کی سافٹ لینڈنگ سے محض کچھ قدم ہی دور رہ گئے۔ اس موقع پر ہندوستان کی مختلف ہستیوں نے اِسرو کے ساتھ کھڑے ہونے اور ملک کو ان پر فخر ہونے کی بات کہی۔ حزب اقتدار اور حزب اختلاف دونوں سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں نے بھی سائنسدانوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔


پی ایم نریندر مودی نے 7 ستمبر کی صبح تقریباً 8 بجے ملک سے خطاب کیا اور اس میں مایوس سائنسدانوں کو حوصلہ رکھنے اور ہمت کے ساتھ آگے بڑھنے کی بات کہی۔ انھوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’’آپ (سائنسداں) وہ لوگ ہیں جو مادرِ ہند کے لیے جیتے ہیں۔ آپ وہ لوگ ہیں جو مادرِ ہند کے لیے جدوجہد کرتے ہیں۔ آپ وہ لوگ ہیں جو مادرِ ہند کے لیے جذبہ رکھتے ہیں۔ مادرِ ہند کا سر اونچا رہے اس کے لیے اپنی پوری زندگی قربان کر دیتے ہیں۔‘‘ پی ایم مودی نے مزید کہا کہ ’’چندریان کے سفر کی آخری منزل بھلے ہی امید کے مطابق نہ رہی ہو، لیکن ہمیں یہ بھی یاد رکھنا ہوگا کہ چندریان کا سفر شاندار رہا ہے، جاندار رہا ہے۔ پورے مشن کے دوران ملک کو کئی بار فخر کا موقع ملا۔ اس وقت بھی ہمارا آربیٹر پوری شان سے چاند کا چکر لگا رہا ہے۔‘‘


کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے سائنسدانوں کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے ان کی کارکردگی کی تعریف کی اور آگے بڑھتے رہنے کے لیے انھیں حوصلہ دیا۔ انھوں نے اپنے ٹوئٹ میں چندریان-2 مشن کے متعلق لکھا کہ ’’یہ ہر ہندوستانی کے لیے ایک ترغیب ہے۔ اِسرو کی ٹیم کو چندریان-2 چاند مشن پر شاندار کام کے لیے مبارکباد۔ آپ کا جنون اور خودسپردگی ہر ہندوستانی کے لیے ترغیب ہے۔‘‘ وکرم کے چاند کی سطح کے قریب تک پہنچانے میں اِسرو کی ٹیم کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ’’آپ کا کام بے کار نہیں جائے گا۔ اس نے کئی بہترین اور دیرینہ ہندوستانی خلائی مشنوں کی بنیاد رکھی ہے۔‘‘


مرکزی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی ہرش وردھن نے بھی چندریان-2 سے متعلق اِسرو کی کوششوں کی بھرپور تعریف کی۔ انھوں نے کہا کہ اِسرو کے سائنسدانوں کی وجہ سے ملک کو اہم لمحات میسر ہوئے۔ ہرش وردھن نے اس سلسلے میں ایک ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’’اِسرو کے سائنسدانو، ہندوستان کو آپ پر فخر ہے۔ چندریان-2 کے لیے آپ نے اپنا بہترین پرفارمنس دیا۔ آپ کی ہمت کا کوئی مقابلہ نہیں ہے۔ مجھے اٹل جی کی نظم یاد آ رہی ہے... ہار نہیں مانوں گا، رار نہیں ٹھانوں گا۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’ہمیں پورا بھروسہ ہے کہ مستقبل میں ہمارے سائنسداں اس مشن کو پورا کریں گے۔‘‘


دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے بھی ٹوئٹ کر کے اسرو کے سائنسدانوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔ انھوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’ہمیں اپنے سائنسدانوں پر فخر ہے۔ انھوں نے تاریخ رقم کیا ہے۔ مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ ہمارے سائنسدانوں نے عمدہ کام کیا ہے۔ جے ہند۔‘‘


کانگریس کے ٹوئٹر ہینڈل سے بھی اِسرو کا حوصلہ بڑھانے والا پیغام جاری کیا گیا ہے۔ اس میں لکھا گیا ہے کہ ’’اس مشکل وقت میں پورا ملک اِسرو کی ٹیم کے ساتھ کھڑا ہے۔ آپ کی محنت شاقہ اور خودسپردگی نے ملک کو فخر کا موقع فراہم کیا ہے۔ جے ہند۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 07 Sep 2019, 11:10 AM
/* */