پیاز نے توڑے تمام ریکارڈ، راحت کی نہیں کوئی امید، کانگریس نے بی جے پی کو بنایا نشانہ

بڑھتی پیاز کی قیمتوں نے ایک بار پھر عوام کے آنسو نکال دیئے ہیں۔ کئی ریاستوں میں پیاز کی قیمت 100 روپے فی کلو کے اوپر پہنچ گئی ہے۔ افغانی پیاز کا معیار اچھا نہیں ہونے کی وجہ سے تاجر اسے نہیں خرید رہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

پیاز کی قیمتوں نے ایک بار پھر لوگوں کی آنکھوں سے آنسو نکال دیئے ہیں۔ ملک کے کئی حصوں میں پیاز کی قیمت 100 روپے فی کلو کے اوپر پہنچ گئی ہے۔ پیاز کی بڑھتی قیمتوں نے اب تک کے سبھی ریکارڈ کو توڑ دیا ہے اور اس کے لیے کانگریس نے بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق افغانستان سے آنے والے پیاز کی کوالٹی اچھی نہیں ہے جس کی وجہ سے تاجر اسے نہیں خرید رہے۔ ایسے میں آگے بھی پیاز کی قیمتوں میں کمی کی کوئی امید نظر نہیں آ رہی۔ فی الحال راجدھانی دہلی میں ہر دن 1500 سے 2000 ٹن پیاز کی درآمد ہو رہی ہے۔

پیاز کی قیمتوں پر موسم کے بدلے مزاج کا بھی اثر پڑ رہا ہے۔ منڈیوں میں بھی پیاز کی کافی کمی ہے۔ فی الحال تھوک بازار میں پیاز کی قیمت 35 روپے سے 60 روپے فی کلو ہے۔ وہیں خوردہ بازار میں پیاز نے 100 کا نمبر پار کر دیا ہے۔ خوردہ بازار میں 90 روپے سے لے کر 100 روپے فی کلو پیاز مل رہا ہے اور کچھ مقامات پر تو قیمت اس سے بھی زیادہ ہے۔ پیاز کی قیمتوں کو قابو میں کرنے کے لیے افغانستان سے درآمدگی ہو رہی ہے، لیکن معیار خراب ہونے کی وجہ سے کاروباری اسے خریدنا نہیں چاہتے۔


دہلی میں راجستھان، گجرات، مہاراشٹر اور کرناٹک سے پیاز آتا ہے۔ لیکن ابھی صرف راجستھان کے الور سے ہی پیاز دہلی پہنچ رہا ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ راجدھانی میں روزانہ 4 سے 5 ہزار ٹن پیاز آتا ہے، لیکن ان دنوں 1500 سے 2000 ٹن ہی پیاز آ رہا ہے۔ افغانستان سے 140 ٹن پیاز آیا ہے جو 35 روپے فی کلو ہے، لیکن اس کی کوالٹی بے حد خراب ہے۔

پیاز کے علاوہ دوسری سبزیوں کی قیمتیں بھی آسمان چھو رہی ہیں۔ بازار میں نئے آلو آ گئے ہیں لیکن قیمتوں میں اب بھی کمی نہیں آئی ہے۔ خوردہ بازار میں آلو 30 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔ اسی طرح دیگر سبزیوں کی بات کریں تو مٹر 80 روپے اور گھیا 60 روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے۔ ٹماٹر کی قیمت کچھ کم ہوئی ہے لیکن اس کی قیمت بھی خوردہ بازار میں 40 روپے فی کلو سے کم نہیں ہے۔ پرول کی قیمت خوردہ بازار میں 80 روپے فی کلو ہے۔


خوردہ بازار میں پیاز کی آسمان چھوتی قیمتوں پر کانگریس نے جمعرات کے روز کہا کہ کموڈیٹی قیمت کنٹرول مودی حکومت کی گرفت سے باہر ہو گیا ہے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا رکن پی ایل پونیا نےخبر رساں ادارہ آئی اے این ایس سے کہا کہ پیاز 120 روپے فی کلو کی قیمت پر مل رہا ہے، لیکن حکومت اس بے تحاشہ اضافہ سے پوری طرح انجان لگ رہی ہے۔

کانگریس لیڈر پونیا نے کہا کہ ’’وہ (بی جے پی لیڈر) کارپوریٹ پر مہربانی کرنے کے لیے مجبور ہیں اور انھیں راحت پہنچا رہے ہیں۔ حالانکہ انھیں بازار میں اس مہنگائی سے اور عام آدمی کی حالت سے کوئی پریشانی نہیں ہے۔‘‘ پونیا کے مطابق دیگر کموڈیٹی سامانوں کی قیمتیں بھی گزشتہ کچھ ہفتوں میں بڑھی ہیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’ایسی حالت میں بھی وزیر مالیات نے یہ اعتراف نہیں کیا کہ ملک معاشی بحران کے دور سے گزر رہا ہے۔ کوئی ذیلی اور متوسط طبقہ کے لیے پریشانی کھڑی کرنے والے ایسے ایشوز کو نظر انداز نہیں کر سکتا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 28 Nov 2019, 3:11 PM