عیدالاضحیٰ کے موقع پر صدر جمہوریہ مرمو، وزیر اعظم مودی اور کانگریس صدر کھڑگے کی ہم وطنوں کو مبارکباد

صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے اپنے سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’عید الاضحیٰ کے موقع پر میں تمام ہم وطنوں بالخصوص مسلم بھائی بہنوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد و نیک خواہشات پیش کرتی ہوں۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>گلے ملتے ہوئے بچے</p></div>

گلے ملتے ہوئے بچے

user

قومی آوازبیورو

عیدالاضحیٰ کا تہوار آج پورے ہندوستان میں تزک و احتشام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ عیدالاضحیٰ کی نماز سبھی ریاستوں میں امن و امان کے ساتھ ادا کی گئی اور جانوروں کی قربانی بھی حکومت کے ذریعہ طے گائیڈلائنس کے مطابق طے کردہ مقامات پر ہی کی جا رہی ہے۔ اس درمیان صدر جمہوریہ دروپدی مرمو، وزیر اعظم نریندر مودی، کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، کانگریس لیڈر راہل گاندھی، کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی سمیت کئی سیاسی شخصیات نے مسلم طبقہ کو عیدالاضحیٰ کے موقع پر مبارکباد پیش کی ہے۔

صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر اردو اور ہندی دونوں زبان میں سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعہ مسلم بھائی بہنوں کو مبارکباد دی ہے۔ انھوں نے لکھا ہے ’’عید الاضحیٰ کے موقع پر میں تمام ہم وطنوں بالخصوص مسلم بھائی بہنوں کو دل کی گہرائیوں سے پرخلوص مبارکباد و نیک خواہشات پیش کرتی ہوں۔ عید الاضحیٰ محبت اور قربانی  کا مقدس تہوار ہے۔ یہ تہوار ہمیں قربانی اور انسانیت کی بے لوث خدمت کی راہ پر چلنے کی ترغیب دیتا ہے۔ اس موقع پر، آئیے ہم یہ عہد کریں کہ آپسی  بھائی چارہ اور سماج میں ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لئے کام کریں گے۔‘‘


وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل سے عیدالاضحیٰ کے موقع پر سبھی کے لیے خوشحالی اور اتحاد و ہم آہنگی کی دعا کی ہے۔ انھوں نے اپنے پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’عید الاضحی کی مبارکباد۔ یہ دن سب کے لیے خوشیاں اور خوشحالی لائے۔ یہ ہمارے معاشرے میں اتحاد اور ہم آہنگی کے جذبے کو بھی برقرار رکھے۔ عید مبارک!‘‘

کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے اپنے سوشل میڈیا پوسٹ میں دہلی کی تاریخی جامع مسجد کی ایک تصویر لگائی ہے جس میں نمازیوں کی بھیڑ دکھائی دے رہی ہے۔ اس کے ساتھ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’عید الاضحیٰ کا تہوار قربانی، امانت اور بخشش کی عظیم قدروں کا مظہر ہے۔ اس خوشی کے موقع پر آئیے ہم سب بھائی چارے کے رشتوں کو مضبوط کرنے اور ایک پرامن، ہم آہنگی پر مبنی اور ترقی پسند معاشرے کی تعمیر کا پختہ عزم کریں۔ عید مبارک!‘‘


کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی، کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی، سابق مرکزی وزیر اور بی جے پی کے سرکردہ لیڈر مختار عباس نقوی، آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) سربراہ اسدالدین اویسی سمیت کئی سرکردہ سیاسی ہستیوں نے بھی عیدالاضحیٰ کے موقع پر سبھی کو مبارکباد پیش کی اور اتحاد و بھائی چارے کا پیغام بھی عام کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔