کانگریس نے ’بھارت جوڑو یاترا‘ کی پہلی سالگرہ پر 7 ستمبر کو ملک بھر میں 722 یاترائیں نکالنے کا کیا اعلان

16 ستمبر کو حیدر آباد میں نو تشکیل کانگریس ایگزیکٹیو کمیٹی کی پہلی میٹنگ ہوگی، 17 ستمبر کو جب ایگزیکٹیو کمیٹی کی یہ میٹنگ ختم ہوگی تو اس کے بعد عظیم الشان ریلی کا انعقاد ہوگا۔

بھارت جوڑو یاترا
بھارت جوڑو یاترا
user

قومی آوازبیورو

کانگریس نے آئندہ اسمبلی انتخابات اور سب سے بڑھ کر لوک سبھا انتخاب کو لے کر اپنی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں۔ ایک طرف اپوزیشن اتحاد اِنڈیا کی میٹنگ میں کئی اہم فیصلے لیے گئے ہیں، اور دوسری طرف کانگریس پارٹی کی سطح پر بھی بڑے بڑے فیصلے لے رہی ہے۔ آج اس سلسلے میں کئی اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ نو تشکیل کانگریس ایگزیکٹیو کمیٹی کی پہلی میٹنگ 16 ستمبر کو حیدر آباد میں کیے جانے کا اعلان کیا گیا ہے اور اس کے اگلے دن حیدر آباد میں 17 ستمبر کو کانگریس ایگزیکٹیو کمیٹی کی وسعتی میٹنگ کے بعد عظیم الشان ریلی کا انعقاد ہوگا۔ ایک بڑا اعلان یہ بھی ہوا ہے کہ کانگریس پارٹی ’بھارت جوڑو یاترا‘ کی پہلی سالگرہ پر 7 ستمبر کو ملک بھر میں 722 بھارت جوڑو یاترائیں نکالے گی۔

کانگریس کے تنظیمی جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے پیر کے روز نئی دہلی واقع کانگریس ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس کے دوران کانگریس کے آئندہ کچھ منصوبوں کے بارے میں جانکاریاں دیں۔ اس دوران کانگریس مواصلاتی سیل کے جنرل سکریٹری جئے رام رمیش بھی موجود تھے۔


اس پریس کانفرنس میں وینوگوپال نے بتایا کہ سینئر کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے پارٹی لیڈروں کے ساتھ 4000 کلومیٹر سے زیادہ کی تاریخی ’بھارت جوڑو یاترا‘ کی تھی۔ گزشتہ سال 7 ستمبر کو یہ یاترا کنیاکماری سے شروع ہوئی تھی جو ملک کے کسی بھی سیاسی لیڈر کے ذریعہ اب تک کی سب سے طویل پدیاترا ہے۔ اس یاترا میں راہل گاندھی نے ملک کے اہم ایشوز کو اٹھایا تھا۔ اب کانگریس پارٹی کے ذریعہ 7 ستمبر کو ’بھارت جوڑو یاترا‘ کی پہلی سالگرہ پر 722 بھارت جوڑو یاترائیں نکالی جائیں گی۔ اس سلسلے میں مزید جانکاری دیتے ہوئے کانگریس جنرل سکریٹری نے بتایا کہ ملک کے ہر ضلع میں 7 ستمبر کو شام 5 بجے سے 6 بجے کے درمیان پارٹی لیڈران کی قیادت میں پدیاترا نکالی جائیں گی۔ یاترا کے بعد ’بھارت جوڑو جلسہ‘ بھی منعقد ہوگا۔

کانگریس ایگزیکٹیو کمیٹی کی میٹنگ کے بارے میں تفصیلی جانکاری دیتے ہوئے کے سی وینوگوپال نے بتایا کہ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے فیصلہ لیا ہے کہ تلنگانہ کے حیدر آباد میں 16 ستمبر کو میٹنگ ہوگی۔ اس کے اگلے دن یعنی 17 ستمبر کو ایگزیکٹیو کمیٹی کی وسعتی میٹنگ ہوگی جس میں سی ڈبلیو سی اراکین کے ساتھ سبھی ریاستوں کی کانگریس کمیٹی کے صدور، کانگریس قانون ساز پارٹی کے لیڈران اور پارلیمانی پارٹی کے عہدیداران بھی شامل ہوں گے۔ 17 ستمبر کی شام کو میٹنگ کے بعد حیدر آباد کے پاس کانگریس کی ایک عظیم الشان ریلی ہوگی۔ اس ریلی میں کانگریس صدر، سابق کانگریس صدور اور پارٹی کے دیگر سبھی سینئر لیڈران شامل ہوں گے۔ ریلی میں تلنگانہ کے آئندہ اسمبلی انتخاب کے لیے 5 گارنٹی کا اعلان کیا جائے گا۔ ریلی کے بعد کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے سی ڈبلیو سی اراکین، پی سی سی صدور اور سی ایل پی لیڈروں کے قافلے کو ہری جھنڈی دکھائیں گے، جو تلنگانہ کے 119 اسمبلی حلقوں کا دورہ کریں گے۔ 18 ستمبر کی صبح سبھی لیڈران و کارکنان میٹنگ کریں گے اور بی آر ایس حکومت کے خلاف سبھی اسمبلی حلقوں میں ’گھر گھر مہم‘ چلائی جائے گی۔ ہر اسمبلی حلقہ میں ’بھارت جوڑو مارچ‘ بھی ہوگا۔


اس دوران کے سی وینوگوپال نے بتایا کہ مرکزی حکومت کے ذریعہ بلائے گئے پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس کو لے کر کاگنریس نے 5 ستمبر کی شام 5 بجے نئی دہلی واقع 10 جن پتھ پر پارلیمنٹری اسٹرٹیجک گروپ کی میٹنگ طلب کی ہے۔ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے خصوصی اجلاس کو لے کر 5 ستمبر کو ہی رات 8 بجے اپنی رہائش پر یکساں نظریات والی اپوزیشن پارٹیوں کی میٹنگ بھی طلب کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔