ناگپور واقع آر ایس ایس دفتر کو بم سے اڑانے کی دھمکی، پولیس سیکورٹی سخت

ڈی سی پی، گورکھ بھامرے کا کہنا ہے کہ ’’پولیس کنٹرول روم میں دوپہر ایک بجے فون آیا تھا، ایک شخص نے محل علاقے میں آر ایس ایس ہیڈکوارٹر کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی۔‘‘

آر ایس ایس ہیڈکوارٹر
آر ایس ایس ہیڈکوارٹر
user

قومی آوازبیورو

نئے سال یعنی 2023 کی آمد پر ہر جگہ جشن کی تیاریاں کی گئی ہیں۔ دنیا کے کئی ممالک میں تو نئے سال کا جشن گھنٹوں پہلے شروع بھی ہو چکا ہے۔ ہندوستان میں بھی مہاراشٹر، دہلی، یوپی، بہار، بنگال اور ہریانہ جیسی ریاستوں میں مختلف مقامات پر جشن کی تیاریاں کی گئی ہیں۔ اس درمیان سیکورٹی کے سخت انتظامات بھی کیے گئے ہیں اور کورونا پروٹوکول کا خیال بھی رکھا گیا ہے۔ جشن کے اس ماحول میں خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ ناگپور کے آر ایس ایس ہیڈکوارٹر کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ ایک نامعلوم شخص نے ناگپور واقع آر ایس ایس دفتر کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی ہے۔ اس دھمکی کو پیش نظر رکھتے ہوئے 31 دسمبر کو دفتر کے آس پاس سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ ڈی سی پی، زون 3، گورکھ بھامرے کا کہنا ہے کہ ’’پولیس کنٹرول روم میں دوپہر ایک بجے فون آیا تھا۔ ایک شخص نے محل علاقے میں آر ایس ایس ہیڈکوارٹر کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی۔‘‘


ڈی سی پی گورکھ بھامرے کا کہنا ہے کہ بی ڈی ڈی ایس (بم جانچ اور ڈسپوزل اسکواڈ) اور شوان اکسواڈ کو بلایا گیا جس نے آر ایس ایس ہیڈکوارٹر احاطہ کی اچھی طرح جانچ کی۔ اس دوران کچھ بھی مشتبہ نہیں ملا ہے، پھر بھی سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ ڈی سی پی کا کہنا ہے کہ احتیاط کے طور پر گشت تیز کر دی گیا ہے۔ پولیس فون کرنے والے شخص کی شناخت کرنے کے لیے تحقیقات بھی کر رہی ہے۔ حالانکہ اس پورے معاملے پر آر ایس ایس کے کسی لیڈر کا کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 31 Dec 2022, 8:20 PM