’بھارت چھوڑو‘ تحریک کی سالگرہ پر کانگریس نے چاندنی چوک سے شروع کی ’آزادی کی گورو یاترا‘

آزادی کی گورو یاترا کا افتتاح کرتے ہوئے مکل واسنک نے کہا کہ ’’آزادی کے 75 سال مکمل ہونے پر یہ یاترا نکال کر کانگریس موجودہ نسل کو آزادی کے لیے قربانیاں دینے والے لیڈروں سے واقف کرانا چاہتی ہے۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کانگریس نے آزادی کے 75 سال مکمل ہونے پر ’آزادی کی گورو یاترا‘ 9 اگست سے 15 اگست تک نکالنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت آج دہلی ریاستی کانگریس کمیٹی کے ذریعہ ’آزادی کی گورو یاترا‘ تاریخی ٹاؤن ہال، چاندنی چوک سے شروع ہوئی اور اجمیری گیٹ پر جا کر ختم ہوئی۔ آزادی کے 75 سال اور ’بھارت چھوڑو‘ تحریک کی سالگرہ پر آج ٹاؤن ہال کے نزدیک کانگریس جنرل سکریٹری مکل واسنک نے پرچم کشائی کر اس یاترا کی شروعات کی۔ مکل واسنک قومی پرچم ہاتھ میں لے کر اس یاترا میں شامل بھی ہوئے۔

’بھارت چھوڑو‘ تحریک کی سالگرہ پر کانگریس نے چاندنی چوک سے شروع کی ’آزادی کی گورو یاترا‘

قابل ذکر ہے کہ آزادی کی گورو یاترا پوری دہلی میں سبھی 14 اضلاع میں نکالی جائے گی۔ آج یہ چاندنی چوک ضلع کانگریس کمیٹی اور تلک نگر ضلع کانگریس کمیٹی میں گاؤں والا چوک، رگھوبیر نگر سے ہری نگر گھنٹہ گھر تک نکالی گئی۔ آزادی کی گورو یاترا کی قیادت چاندنی چوک ضلع میں ضلع صدر مرزا جاوید علی نے کی اور تلک نگر ضلع میں یاترا کا انعقاد ضلع صدر دھرم پال چندیلا کی قیادت میں ہوئی۔ یاترا کے دوران سینکڑوں کانگریس کارکنان کے ہاتھوں میں قومی پرچم دکھائی دے رہا تھا۔


آزادی کی گورو یاترا کا افتتاح کرتے ہوئے مکل واسنک نے کہا کہ ’’آزادی کے 75 سال مکمل ہونے پر یہ یاترا نکال کر کانگریس موجودہ نسل کو آزادی کے لیے قربانیاں دینے والے کانگریس لیڈران سے مطلع کرانا چاہتی ہے۔ ان لیڈروں کی قربانیوں کو یاد کیا جا رہا ہے جنھوں نے تاناشاہ انگریزی حکومت کا مقابلہ کرتے ہوئے آزادی کی لڑائی لڑی۔‘‘ انھوں نے مزید کہا ’’ہندوستان کو اس وقت بین الاقوامی سطح پر جو عزت اور وقار حاصل ہے وہ جدید ہندوستان کی تعمیر میں کانگریس پارٹی کے تعاون کی وجہ سے ہی ممکن ہوا ہے۔ یہ یاترا نفرت اور تشدد کو مٹانے کے عزم کے ساتھ محبت، خیر سگالی، بھائی چارے کا پیغام دیتے ہوئے کانگریس کی قربانیوں کا تذکرہ کرے گی۔‘‘

’بھارت چھوڑو‘ تحریک کی سالگرہ پر کانگریس نے چاندنی چوک سے شروع کی ’آزادی کی گورو یاترا‘

آزادی کی گورو یاترا میں کانگریس جنرل سکریٹری اور رکن پارلیمنٹ مکل واسنک کے علاوہ دہلی انچارج اور رکن پارلیمنٹ شکتی سنگھ گوہل، کمیونکیشن ڈپارٹمنٹ کے چیئرمین اور سابق رکن اسمبلی انل بھاردواج، ریاستی نائب صدر مدت اگروال، سابق رکن اسمبلی کنور کرن سنگھ، وجئے سنگھ لوچو، راجیش جین، دہلی ریاستی مہیلا کانگریس صدر امرتا دھون، ڈاکٹر نریش کمار، کمیونکیشن ڈپارٹمنٹ کے وائس چیئرمین پرویز عالم اور سیما طاہرہ، جے پی پنوار سمیت سیوا دَل، یوتھ کانگریس، مہیلا کانگریس و این ایس یو آئی کے کارکنان خصوصی طور پر موجود تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔