’پیارے عرفان بیٹے کی فکر مت کرنا‘، عرفان خان کی برسی پر ’پیکو‘ فلم کے ڈائریکٹر شوجیت سرکار نے لکھا جذباتی خط

عرفان خان کے بیٹے بابل خان نے ’انسٹاگرام‘ پر شوجیت سرکار کی پوسٹ کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’’شوجیت سرکار، الفاظ ہماری زندگی کی محبت اور موسیقی کے ساتھ انصاف نہیں کر سکتے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>فلم پیکو کے سیٹ پر عرفان خان (تصویر سوشل میڈیا)</p></div>

فلم پیکو کے سیٹ پر عرفان خان (تصویر سوشل میڈیا)

user

قومی آواز بیورو

آج بالی ووڈ کے معروف اداکار عرفان خان کی پانچویں برسی ہے۔ آج انہیں کئی فلمی ہستیوں نے یاد کیا ہے، جس میں سب سے خاص انداز میں ان کی مشہور فلم ’پیکو‘ کے ڈائریکٹر شوجیت سرکار نے یاد کیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’انسٹاگرام‘ پر ایک طویل پوسٹ کی۔ پوسٹ میں انہوں نے فلم ’پیکو‘ کے سیٹ سے شوٹنگ کے دوران کی کئی تصاویر بھی شیئر کیں۔ شوجیت نے اس خط میں لکھا ہے کہ ’’پیارے عرفان، دوست، تم جہاں بھی ہو مجھے معلوم ہے تم اچھا کر رہے ہو اور شاید تم نے وہاں بھی کئی نئے دوست بنائے ہوں گے۔ مجھے یقین ہے کہ لوگوں کو تمہارے چہرے سے پیار ہو گیا ہوگا، جیسا کہ ہم سبھی کو ہوتا ہے۔ یہاں میں ٹھیک کر رہا ہوں۔ لیکن ایک بات ہے عرفان جس سے شاید تم واقف نہیں ہوگے۔ یہاں لوگ تم کو کتنا پیار کرتے ہیں اور تمہاری کتنی کمی محسوس ہوتی ہے۔ تمہیں جان کر حیرانی ہوگی۔‘‘

شوجیت نے آگے لکھا کہ ’’مجھے ہمارے جھال-موڑھی سیشن اور ہماری ہنسی-مذاق کی یاد آتی ہے۔ آپ سے کی گئی گفتگو ہمیشہ دلکش ہوتی تھی۔ میں ان لمحوں کو محفوظ کر کے رکھا ہوں۔ جب تم لندن میں تھے، تب روحانیت اور سائنس کے بارے میں ہماری لمبی بات چیت یاد ہے؟ وہ بات چیت غیریقینی طور پر گہری ہوتی تھی۔‘‘ شوجیت نے مزید لکھا کہ ’’میرے پاس تمہاری تجویز کردہ کتابیں ہیں، اور میں اکثر زندگی اور موت پر کی گئی آپسی بحثوں کے بارے میں سوچتا ہوں۔ تمہاری مسکان اور تمہاری وہ پراسرار آنکھیں میری یادوں میں بسی ہوئی ہیں۔ تمہارے بغیر زندگی گزارنا آسان نہیں ہے، ایک بہت بڑا خالی پن ہے۔‘‘


شوجیت نے عرفان کے بیٹے بابل کے متعلق لکھا کہ ’’عرفان میں تمہیں بتانا چاہتا تھا کہ بابل اور ایان اچھا کر رہے ہیں۔ بابل اور میں ساتھ میں فٹبال کھیلتے ہیں، اور میں اس کے لیے ایک طرح سے گارجین بن گیا ہوں۔ فکر مت کرو، میں اس کا خیال رکھ رہا ہوں۔ سُتاپا اور میں اکثر باتیں کرتے ہیں۔ میں اور رونی، ابھی ابھی بابل کے ساتھ ایک فلم پروجیکٹ مکمل کیا ہے۔ وہ ایک بہترین اداکار کے طور پر ابھر رہا ہے، دھیرے دھیرے انڈسٹری میں اپنی جگہ بنا رہا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ وہ صحیح راستے پر ہے، جیسا کہ تم نے ہمیشہ سوچا تھا۔‘‘

شوجیت نے مزید لکھا کہ ’’مجھے معلوم ہے کہ آپ جہاں بھی ہیں، وہاں سے ہم پر نظر رکھ رہے ہیں اور یہ ایک سکون دینے والی بات ہے۔ بات کرنے کے لیے بہت کچھ ہے، لیکن ابھی کے لیے میں بس الوداع کہوں گا دوست۔ بہت سارا پیار۔‘‘ شوجیت سرکار کے اس پوسٹ کے بعد عرفان خان کے بیٹے بابل خان نے ’انسٹاگرام‘ پر اس پوسٹ کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’’شوجیت سرکار، الفاظ ہماری زندگی کی محبت اور موسیقی کے ساتھ انصاف نہیں کر سکتے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔