لالو، تیجسوی کے خلاف سی بی آئی جانچ پر نتیش نے کہا- ’ہم نے اتحاد کیا، اس لیے ایسا ہو رہا ہے'

یہ معاملہ اس وقت کا ہے جب لالو پرساد مرکز میں یو پی اے-2 حکومت میں ریلوے کے وزیر تھے۔ تیجسوی یادو اور ان کی دو بہنیں بھی اس معاملے میں ملزم ہیں۔

نتیش کمار، تصویر یو این آئی
نتیش کمار، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

پٹنہ: سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کے ذریعہ آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد کے خلاف بدعنوانی کے مبینہ معاملے کو دوبارہ کھولے جانے کے بارے میں، بہار کے نتیش کمار نے بدھ کو کہا کہ ہم متحد ہوئے ہیں، اسی لیے ایسا ہو رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے پٹنہ میں سابق مرکزی وزیر ارون جیٹلی کے یوم پیدائش کے موقع پر منعقدہ ایک پروگرام میں شرکت کے بعد جب نامہ نگاروں سے لالو پرساد کے خلاف بدعنوانی کے معاملے میں دوبارہ تحقیقات شروع کرنے کے بارے میں پوچھا تو، انہوں نے کہا کہ دیکھ لیجئے یہ کیا ہو رہا ہے؟ ہم لوگ ساتھ آ گئے ہیں، اس لئے یہ ہو رہا ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ یہ معاملہ ایک اہم ریئل اسٹیٹ کمپنی کو الاٹ کئے گئے انڈین ریلوے کے مختلف منصوبوں سے وابستہ ہے۔ یہ معاملہ اس وقت کا ہے جب لالو پرساد مرکز میں یو پی اے-2 حکومت میں ریلوے کے وزیر تھے۔ تیجسوی یادو اور ان کی دو بہنیں بھی اس معاملے میں ملزم ہیں۔ دریں اثنا، بہار کے سابق نائب وزیر اعلی سشیل کمار مودی نے کہا کہ جانچ ایجنسی نے کبھی بھی کیس بند نہیں کیا ہے۔


ادھر، نتیش کمار سے 30 دسمبر کو کولکاتا میں 'نمامی گنگے' پروگرام کے لیے نائب وزیر اعلی تیجسوی یادو کو بھیجنے کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے بھی اس اس پروگرام کے لئے ہونے والے اجلاس میں اس وقت کے نائب وزیر اعلی کو بھیجا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اب کسی کو کچھ کہنا ہے تو کہتے رہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔