چین میں تباہی پھیلانے والے اومیکرون کے سَب-ویریئنٹ ’بی ایف 7‘ کی ہندوستان میں دستک، 3 کیسز کی تصدیق

اومیکروین کے سَب-ویریئنٹ ’بی ایف 7‘ کی ہندوستان میں دستک کے بعد تشویش میں اضافہ ہوا ہے، چین میں چونکہ حالات کافی بگڑ گئے ہیں، اس لیے ہندوستان میں ابھی سے احتیاطی اقدام کیے جا رہے ہیں۔

اومیکرون، تصویر آئی اے این ایس
اومیکرون، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

چین میں کورونا نے ایک بار پھر تباہی جیسے حالات پیدا کر دیئے ہیں۔ لگاتار بڑھ رہے کیسز کے لیے اومیکرون کے سَب-ویریئنٹ ’بی ایف 7‘ کو ذمہ دار ٹھہرایا جا رہا ہے۔ تشویشناک بات یہ ہے کہ اس سَب ویریئنٹ کی ہندوستان میں بھی دستک ہو چکی ہے۔ یہ جانکاری سرکاری ذرائع نے بدھ کے روز دی۔ افسروں نے بتایا کہ گجرات بایو ٹیکنالوجی ریسرچ سنٹر نے ہندوستان میں بی ایف 7 کے پہلے معاملے کا پتہ لگایا تھا اور اب تک گجرات سے دو معاملے سامنے آ چکے ہیں۔ علاوہ ازیں ایک معاملہ اڈیشہ سے بھی سامنے آیا ہے۔

اومیکروین کے سَب-ویریئنٹ ’بی ایف 7‘ کی ہندوستان میں دستک کے بعد تشویش میں اضافہ ہونا لازمی ہے۔ چین میں چونکہ حالات کافی بگڑ گئے ہیں، اس لیے ہندوستان میں ابھی سے احتیاطی اقدام کی تیاریاں بھی شروع ہو چکی ہیں۔ آج ہی مرکزی وزیر صحت منسکھ منڈاویا کی صدارت میں کووڈ ریویو میٹنگ بھی ہوئی ہے لیکن پابندی سے متعلق کوئی بڑا اعلان نہیں ہوا ہے۔ وزیر صحت نے یہ ضرور کہا ہے کہ لوگوں کو بہت احتیاط کرنے کی ضرورت ہے اور ماسک کا استعمال بھی یقینی بنایا جائے۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ اور آئندہ کے حالات پر مستقل نگرانی رکھنے کی ضرورت ہے اور کسی بھی حالات کا سامنا کرنے کے لیے حکومت تیار ہے۔


بہرحال، ذرائع کا کہنا ہے کہ چین کے مختلف شہر ابھی کووڈ کے سب سے زیادہ متعدی ویریئنٹ اومیکرون، بیشتر بی ایف 7، کی زد میں ہیں جو بیجنگ میں پھیلنے والا سب سے اہم ویریئنٹ ہے۔ اسی کی وجہ سے چین میں کووڈ انفیکشن کے معاملوں میں زبردست اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ بی ایف 7 دراصل اومیکرون کے ویریئنٹ بی اے 5 کا سَب ویریئنٹ ہے اور اس میں انفیکشن کی وسیع صلاحیت ہوتی ہے اور اس کی انکیوبیشن مدت کم ہوتی، اور اس میں دوبارہ انفیکشن پیدا کرنے یا ان لوگوں کو بھی متاثر کرنے کی زبردست صلاحیت ہوتی ہے جنھیں ٹیکہ لگایا جا چکا ہے۔ یہ امریکہ، برطانیہ اور بلجیم، جرمنی، فرانس اور ڈنمارک جیسے یورپی ممالک سمیت کئی دیگر ممالک میں پہلے ہی پایا جا چکا ہے۔

اس درمیان چین میں کورونا وائرس کے بڑھتے معاملوں کو دیکھتے ہوئے حکومت ہند ایکشن موڈ میں آ گئی ہے۔ وزارت صحت نے چین سے آنے والوں کی ایئرپورٹ پر جانچ کرنے کو کہا ہے۔ اب چین سے آنے والے لوگوں کی جانچ کی جائے گی۔ وزارت نے افسران کو اس سے جڑی گائیڈلائنس جاری کر دی ہیں۔ وزارت صحت کے ذرائع نے بتایا ہے کہ ملک میں ابھی 10 الگ الگ کورونا کے ویریئنٹ ہیں، اس میں سب سے تازہ ویریئنٹ بی ایف 7 ہے۔ اسی کے ساتھ ملک میں کہیں کہیں ڈیلٹا ویریئنٹ بھی دیکھنے کو مل رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔