دھان خرید میں بے ضابطگیوں اور پی یو سی سی جرمانوں کے خلاف 28 جنوری کو اوڈیشہ بند، کانگریس نے کی حمایت

اوڈیشہ میں دھان خرید کی بے ضابطگیوں اور پی یو سی سی جرمانوں کے خلاف 28 جنوری کو بند ہوگا۔ کانگریس نے کھلی حمایت کی ہے، جبکہ بیجو جنتا دل نے بھی کسانوں کے مسائل کو جائز قرار دیا ہے

<div class="paragraphs"><p>آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

بھونیشور: کانگریس نے منگل کو اوڈیشہ نوا نرمان کسان سنگٹھن کی جانب سے 28 جنوری کو دیے گئے اوڈیشہ بند کے اعلان کی کھلے طور پر حمایت کرنے کا اعلان کیا ہے۔ سنگٹھن کا الزام ہے کہ ریاست میں دھان کی خریداری کے عمل میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیاں ہو رہی ہیں، اسمارٹ میٹر کی تنصیب میں بدنظمی ہے اور آلودگی کنٹرول سرٹیفکیٹ، یعنی پی یو سی سی، کے نام پر کسانوں اور عام لوگوں سے غیر معمولی جرمانے وصول کیے جا رہے ہیں۔ کانگریس کے مطابق یہ تمام مسائل براہ راست عوام کے مفادات سے جڑے ہوئے ہیں اور ریاستی حکومت ان پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

اوڈیشہ پردیش کانگریس کمیٹی نے اپنے ویڈیو پیغام میں واضح کیا کہ پارٹی اس بند کے ساتھ پوری طرح کھڑی ہے۔ کانگریس رہنماؤں کا کہنا ہے کہ کسان پہلے ہی مہنگائی، کھاد، بیج اور ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں سے پریشان ہیں، ایسے میں دھان کی خرید میں رکاوٹیں اور جرمانوں کا بوجھ کسانوں کے لیے ناقابل برداشت ہو گیا ہے۔ پارٹی نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ 150 کوئنٹل سے زیادہ دھان فروخت کرنے والے کسانوں کو ان پٹ سبسڈی سے محروم کیا جا رہا ہے، جو سراسر ناانصافی ہے۔

پی سی سی صدر بھکت چرن داس نے تمام ضلع کانگریس کمیٹیوں، کارکنان اور حامیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ 28 جنوری کے بند کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور تعاون کریں۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ بند کسی سیاسی فائدے کے لیے نہیں بلکہ کسانوں اور عوام کے جائز حقوق کے لیے ہے۔ کانگریس نے یقین دلایا کہ احتجاج پرامن رہے گا اور عام لوگوں کو غیر ضروری مشکلات سے بچانے کی کوشش کی جائے گی۔


ادھر بیجو جنتا دل نے بھی اس بند کو مثبت قدم قرار دیا ہے۔ پارٹی کے ترجمان لینن موہنتی نے کہا کہ یہ بند کسان برادری کے درد اور ناراضگی کو اجاگر کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بیجو جنتا دل پہلے ہی 2 سے 17 فروری تک ریاست گیر احتجاج اور 24 فروری کو بھونیشور میں ایک بڑی ریلی کی منصوبہ بندی کر چکی ہے، جس میں دھان کی خرید اور قانون و انتظام کے مسائل کو اٹھایا جائے گا۔

نوا نرمان کسان سنگٹھن کے قومی کنوینر اکشے کمار نے میڈیا کو بتایا کہ 28 جنوری کو صبح 6 بجے سے دوپہر 2 بجے تک بند رہے گا۔ اس دوران دھان منڈیوں میں جاری بے ضابطگیوں اور پی یو سی سی کے نام پر عائد اضافی جرمانوں کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریلوے، اسپتال اور ایمبولینس جیسی ضروری خدمات بند سے متاثر نہیں ہوں گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔