نصرت جہاں نے نئی نویلی دلہن کی شکل میں لیا لوک سبھا رکنیت کا حلف

اداکارہ اور ٹی ایم سی رکن پارلیمنٹ نصرت جہاں نے گزشتہ دنوں اپنے بوائے فرینڈ نکھل جین سے ترکی میں شادی کی اور اب واپسی کے بعد انھوں نے لوک سبھا میں رکنیت کا حلف لیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ترنمول کانگریس کی رکن پارلیمنٹ اور بنگالی فلم کی مشہور اداکارہ نصرت جہاں آج نئی نویلی دلہن کی طرح پارلیمنٹ پہنچیں۔ ان کے ہاتھوں میں مہندی لگی تھی اور وہ لال چوڑے پہنے ہوئی تھیں۔ ان کی مانگ میں سندور اور پیشانی پر بندی بھی لگی ہوئی تھی۔ سچ تو یہ ہے کہ وہ ایک مکمل ہندوستانی خاتون معلوم پڑ رہی تھیں، اور ایسا ہو بھی کیوں نہیں، آخر انھوں نے کچھ دن پہلے ہی شادی جو کی ہے۔


گزشتہ دنوں ترکی میں اپنے بوائے فرینڈ نکھل جین کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والی نصرت جہاں لوک سبھا کا انتخابی نتیجہ برآمد ہونے کے بعد کافی خوش تھیں اور پھر پارلیمانی اجلاس شروع ہونے سے قبل ہی شادی کے مقصد سے ہندوستان سے باہر چلی گئیں۔ 23 جون کو وہ مغربی بنگال واپس پہنچیں اور آج لوک سبھا میں انھوں نے رکنیت کا حلف لیا۔

ہندو اور عیسائی رسم کے مطابق شادی کرنے والی نصرت جہاں نے لوک سبھا میں بنگالی زبان میں حلف برداری کی اور سب سے پہلے انھوں نے ’السلام علیکم‘ کہا اور پھر ’نمسکار‘ کہتے ہوئے حلف برداری کا آغاز کیا۔ حلف برداری کے آخر میں انھوں نے ’جے ہند‘، ’وندے ماترم‘ اور ’جے بنگلہ‘ الفاظ کہے۔ اور پھر اس کے بعد انھوں نے لوک سبھا کے اسپیکر اوم بڑلا کا پیر چھو کر ان سے دعائیں لیں۔


واضح رہے کہ نصرت جہاں مغربی بنگال کے بشیر ہاٹ پارلیمانی حلقہ سے رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئی ہیں۔ انتخاب میں کامیابی کے بعد ہی وہ اپنی شادیوں میں مصروف ہو گئی تھیں اور شادی کی تقریب مکمل ہونے کے بعد انھوں نے اپنے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’’کبھی کبھار ایک عام زندگی میں پیار ہمیں ’پری کتھا‘ کا احساس دلاتا ہے۔ کسی ایسے شخص سے پیار مت کرو جس کے ساتھ آپ رہ سکتے ہو، ایسے شخص سے شادی کرو جس کے بغیر آپ نہیں رہ سکتے۔ نکھل جیو، تمھاری بیوی بن کر فخر محسوس کر رہی ہوں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔