اداکارہ اور رکن پارلیمنٹ نصرت جہاں رشتۂ ازدواج میں منسلک، گرانڈ ریسیپشن 4 جولائی کو

بہت جلد شادی شدہ جوڑا ہندوستان لوٹے گا اور 4 جولائی کو کولکاتا میں ایک گرانڈ رسپشن پارٹی بھی رکھی گئی ہے جس میں سیاسی ہستیوں کے ساتھ ساتھ فلمی دنیا سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ترنمول کانگریس کے ٹکٹ پر کامیابی حاصل کر پارلیمنٹ پہنچیں بنگلہ فلموں کی معروف اداکارہ نصرت جہاں بدھ کے روز رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئیں۔ انھوں نے کولکاتا کے بزنس مین نکھل جین کے ساتھ ترکی میں شادی کی۔ شادی کی وجہ سے وہ بطور رکن پارلیمنٹ حلف بھی نہیں لے سکیں اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ہندوستان پہنچنے کے بعد وہ جلد حلف برداری کریں گی۔

نصرت جہاں نے آج اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے شادی کی تصویر شیئر کی ہے جس میں وہ بہت خوبصورت نظر آ رہی ہیں۔ ترکی میں ہوئی یہ شادی ہندو رسم و رواج سے ہوئی اور اس تقریب میں دونوں ہی خاندانوں کے قریبی رشتہ دار شامل ہوئے۔ ترنمول کانگریس کی رکن پارلیمنٹ ممی چکرورتی بھی اس شادی میں شامل ہوئیں جو کہ خود اداکارہ بھی ہیں اور نصرت کی طرح پہلی بار رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئی ہیں۔


واضح رہے کہ سترہویں لوک سبھا کے لئے ہو نے والے انتخابات میں نصرت جہاں مغربی بنگال کے بشيرہاٹ سے پہلی بار ایم پی منتخب ہوئی ہیں۔ نصرت جہاں نے اپنی شادی کی کئی تصاویر انسٹاگرام پر بھی شیئر کی ہیں۔ تصویر میں وہ سرخ رنگ کے لهنگے میں انتہائی خوبصورت نظر آ رہی ہیں جبکہ ان کے شوہر نے آف وائٹ رنگ کی شیروانی پہنی ہوئی ہے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق بہت جلد شادی شدہ جوڑا ہندوستان لوٹے گا اور 4 جولائی کو کولکاتا میں ایک گرانڈ رسپشن پارٹی بھی رکھی گئی ہے جس میں سیاسی ہستیوں کے ساتھ ساتھ فلمی دنیا سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 20 Jun 2019, 3:10 PM
/* */