راجستھان میں نرسنگ طالبہ کا گلا ریت کر قتل، اغوا کے بعد عصت دری کاالزام

طالبہ کے قتل کی خبرسے علاقے میں سنسنی پھیل گئی اور لواحقین کے ساتھ مشتعل گاؤں والے مین روڈ جام کرکے مظاہرہ کرنے لگے۔ اطلاع ملتے ہی تھانہ انچارج جائے وقوعہ پر پہنچے اور لوگوں کو سمجھاکر جام کھلوایا۔

<div class="paragraphs"><p>گرافک</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

راجستھان کے کھیرتھل تیجارا کے منڈاور میں ایک نرسنگ کی طالبہ کا گلا ریت کر قتل کرنے کی واردات سے سنسنی پھیل گئی ہے۔ متوفی طالبہ کے والد نے اغوا کرنے اوراس کے بعد عصمت دری کا الزام لگایا ہے۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ اس دوران واردات سے مشتعل لوگوں نے تھانے کے سامنے سڑک جام کرکے احتجاج کیا اورملزم کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ کو انصاف دلانے کا مطالبہ کیا۔

’آج تک‘ کی رپورٹ کے مطابق متوفی طالبہ کے والد نے بتایا کہ ان کی دوبیٹیاں صبح 10 بجے نرسنگ ڈپلومہ کی تعلیم حاصل کرنے کے لیے منڈاور آئی تھیں۔ چھوٹی بیٹی جیسے ہی ناشتہ لینے گئی، اسی دوران ملزم نے بڑی بیٹی کا اغوا کرلیا اور اپنے کمرے میں لے گیا۔ وہاں اس نے عصمت دری کی، اس کے بعد اس کا گلا ریت کر قتل کر دیا۔ یہ واقعہ تھانے کے قریب ہی پیش آیا ہے۔


جب لوگوں کو اس واردات کے بارے میں پتا چلا تو وہ مشتعل ہوگئے۔ کچھ دیر بعد متوفی کے اہل خانہ اور گاؤں والے مین روڈ جام کرکے مظاہرہ کرنے لگے۔ اس کی اطلاع ملتے ہی تھانہ انچارج رام نواس مینا جائے وقوعہ پر پہنچے اور لوگوں کو سمجھانے کی کوشش کی، اس کے بعد ٹریفک جام کو کھلوایا۔ دریں اثنا جائے وقوعہ پرایف ایس ایل ٹیم کو بلایا گیا۔ ایف ایس ایل کی ٹیم نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کئے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نوجوان ہریانہ کے مہندر گڑھ ضلع کے دونگڑا گاؤں کا رہنے والا ہے۔ اس کی شناخت 21 سالہ اوپیندر کمار کے طور پر کی گئی ہے۔ اوپیندر منڈاور میں اسٹاک مارکیٹ میں کام کرتا تھا اور کرائے پر وہ یہاں رہ رہا تھا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی منڈاور پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی۔ پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر منڈاور سی ایچ سی کے مردہ خانہ میں رکھوا دیا۔


منڈاور تھانہ انچارج رام نواس مینا نے بتایا کہ میڈیکل بورڈ کے ذریعہ پوسٹ مارٹم کے بعد لاش کو لواحقین کے حوالے کردیا گیا ہے۔ معاملے کی تفتیش جاری ہے۔ پولیس نے بتایا کہ لڑکی کے والد نے عصمت دری اور قتل کا مقدمہ درج کرایا ہے جس کے بعد ملزم نوجوان کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس معاملے کی گہرائی سے تفتیش کر رہی ہے۔ ملزم سے پوچھ گچھ کرکے قتل کی وجوہات کا پتہ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔