کولکاتا پولیس نے نوپور شرما کو جاری کیا سمن، 20 جون کو پوچھ تاچھ کے لیے بلایا

کولکاتا پولیس نے معطل بی جے پی لیڈر نوپور شرما کو پیغمبر محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں ان کے متنازعہ تبصروں کو لے کر سمن جاری کیا ہے۔

نوپور شرما، تصویر آئی اے این ایس
نوپور شرما، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

کولکاتا پولیس نے معطل بی جے پی لیڈر نوپور شرما کو پیغمبر محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں ان کے متنازعہ تبصروں کو لے کر سمن جاری کیا ہے۔ کولکاتا کی نارکیلڈانگا پولیس نے ضابطہ فوجداری 1973 کی دفعہ 41اے کے تحت سمن جاری کیا ہے۔ نوپور شرما کو 20 جون کو پولیس اسٹیشن میں پوچھ تاچھ کے لیے بلایا گیا ہے۔ شہر کے پولیس ذرائع نے کہا کہ سمن ایک شکایت کے بعد جاری کیا گیا۔ شکایت میں کہا گیا کہ نوپور کے متنازعہ تبصروں کے بعد ہی مغربی بنگال کے کئی جگہوں پر تشدد شروع ہوا۔

کولکاتا پولیس سے پہلے مہاراشٹر پولیس نے بھی نوپور شرما کو اسی ایشو پر نوٹس جاری کیا تھا اور 25 جون کو صبح 11 بجے پائدھونی پولیس اسٹیشن میں پیش ہونے کے لیے کہا گیا۔ نوپور شرما کے متنازعہ تبصروں کو لے کر مغربی بنگال کے کئی علاقوں میں تشدد بھڑکا۔ ہوڑہ کے البیڑیا، ڈومجور اور پنچلا علاقوں میں تناؤ بنا ہوا ہے۔ کچھ ایسے ہی حالات مرشد آباد اور ندیا جیسے اقلیت اکثریتی علاقوں میں بھی دیکھنے کو مل رہے ہیں۔


وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے مظاہرین کے خلاف سخت کارروائی کی تنبیہ دی اور تشدد بھڑکانے کے لیے بی جے پی کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ پارٹی رکن پارلیمنٹ سکانت مجومدار سمیت ریاست کے کئی سینئر بی جے پی لیڈروں نے کشیدگی والے علاقوں میں سنٹرل مسلح فورسز کی تعیناتی کا مطالبہ کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔