نوپور شرما کو کولکاتا پولیس نے پھر کیا طلب، 30 دن میں بھیجا تیسرا نوٹس

کولکاتا پولیس نے بدھ کے روز ایک بار پھر معطل بی جے پی لیڈر نوپور شرما کو نوٹس جاری کر 11 جولائی کو نارکیلڈانگا پولیس اسٹیشن میں پوچھ تاچھ کے لیے موجود رہنے کی ہدایت دی ہے۔

نوپور شرما، تصویر آئی اے این ایس
نوپور شرما، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

کولکاتا پولیس نے بدھ کے روز ایک بار پھر معطل بی جے پی لیڈر نوپور شرما کو نوٹس جاری کر 11 جولائی کو نارکیلڈانگا پولیس اسٹیشن میں پوچھ تاچھ کے لیے موجود رہنے کی ہدایت دی ہے۔ نوپور شرما کو پیغمبر محمدؐ کے بارے میں ان کے متنازعہ تبصرہ پر پوچھ تاچھ کے لیے کولکاتا پولیس نے یہ تیسرا نوٹس بھیجا ہے۔ دراصل نوپور کے تبصرہ نے مغربی بنگال میں کچھ اقلیتی طبقہ کی اکثریت والے علاقوں سمیت ملک کے مختلف حصوں میں کشیدگی اور تشدد کو جنم دیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کو کولکاتا پولیس پوچھ تاچھ کے لیے بلا رہی ہے۔ حالانکہ نوپور شرما نے حفاظت سے متعلق کچھ اندیشوں کی بنیاد پر گزشتہ دو نوٹس کو نظر انداز کر دیا تھا، جس کے بعد شہر پولیس نے ان کے خلاف لُک آؤٹ نوٹس بھی جاری کیا۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ نوپور شرما کے خلاف مختلف پولیس اسٹیشنوں میں کئی شکایتیں درج کی گئی ہیں، جن میں الزامات عائد کیے گئے ہیں کہ ان کے متنازعہ تبصرہ کی وجہ سے ریاست کے مختلف علاقوں میں حالات خراب ہو گئے ہیں اور امن و امان کو خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ اب دیکھنے والی بات یہ ہوگی کہ آئندہ پیر کو وہ نارکیلڈانگا تھانہ میں پیش ہوں گی یا پھر خطرہ کا اندیشہ ظاہر کر ایک بار پھر پیشی سے دور رہیں گی۔


قابل ذکر ہے کہ حال ہی میں مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ایک عوامی پروگرام میں نوپور شرما کی گرفتاری کو لے کر کافی کچھ بولا تھا۔ انھوں نے کہا تھا کہ ’’جس شخص کے تبصروں سے کشیدگی پیدا ہوئی، اسے گرفتار کیوں نہیں کیا جانا چاہیے۔ نوپور کے متنازعہ تبصروں کے خلاف سپریم کورٹ کے ذریعہ سخت رخ اختیار کیے جانے کے بعد کئی لوگ ان کی تنقید کر رہے ہیں۔ حالانکہ اس طرح کے ایشوز پر ہمارا رخ شروع سے ہی بہت واضح ہے اور ہم نے لوگوں کو تقسیم کرنے کی کوشش کرنے والوں کے تئیں زیرو ٹولرنس کی پالیسی اختیار کی ہے۔ پہلے بھی فرضی ویڈیو کے ذریعہ علاقے میں فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔