’پنجاب ریلی‘ معاملہ پر اب راکیش ٹکیت نے بی جے پی کو بنایا تنقید کا نشانہ

کسان لیڈر راکیش ٹکیت نے کہا کہ وزیر اعظم پہلے تو ہوائی راستہ سے مقررہ جگہ پر پہنچنے والے تھے، لیکن عین وقت پر ان کا بہ راستہ سڑک جانا اپنے آپ میں سوال اٹھاتا ہے۔

کسان لیڈر راکیش ٹکیت
کسان لیڈر راکیش ٹکیت
user

تنویر

وزیر اعظم نریندر مودی کی ’پنجاب ریلی‘ کو لے کر معاملہ طول پکڑتا جا رہا ہے۔ ایک طرف یہ معاملہ سپریم کورٹ پہنچ چکا ہے، تو دوسری طرف اس پورے معاملے کی جانچ کے لیے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ اس درمیان مشہور کسان لیڈر راکیش ٹکیت کا بھی پنجاب ریلی کو لے کر رد عمل سامنے آ گیا ہے۔ انھوں نے بی جے پی پر ہی اندیشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’پی ایم مودی کو بہ راستہ سڑک نہیں جانا چاہیے تھا۔ گزشتہ دن جو کچھ بھی ہوا اس پورے سسٹم کی جانچ ہونی چاہیے۔ بی جے پی انتخاب میں اپنے ووٹ کو بھنانے کے لیے وزیر اعظم عہدہ کا غلط استعمال کر رہی ہے۔‘‘

یہ بیان رکیش ٹکیت نے ’آج تک‘ سے خصوصی بات چیت کے دوران کہی۔ انھوں نے کہا کہ یہ پورا معاملہ جانچ کا موضوع ہے۔ یہ پتہ لگایا جانا چاہیے کہ واقعی میں چوک (غلطی) کہاں ہوئی۔ وزیر اعظم پہلے تو ہوائی راستہ سے مقررہ جگہ پر پہنچنے والے تھے، لیکن عین وقت پر ان کا بہ راستہ سڑک جانا اپنے آپ میں سوال اٹھاتا ہے۔ راکیش ٹکیت نے یہ بھی کہا کہ وزیر اعظم کا 100 کلومیٹر سے بھی زیادہ کا سفر سڑک کے راستے کرنا مناسب نہیں تھا۔


پنجاب میں پی ایم مودی کی سیکورٹی میں چوک کے سوال پر پنجاب کانگریس کے صدر نوجوت سنگھ سدھو نے بھی ایک عوامی جلسہ کے دوران اپنی بات رکھی۔ انھوں نے برنالہ میں ہوئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ایم کی ریلی (فیروز پور) میں بھیڑ نہیں جمع ہو پائی تھی، ساری کرسیاں خالی پڑی ہوئی تھیں، اس لیے سیکورٹی کا ایشو اٹھایا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */