اب سی ٹی اسکین سے ہوگی مرض کی درست تشخیص، صفدر جنگ اسپتال میں بغیر آپریشن ٹشو کا ٹیسٹ شروع

پروفیسر ڈاکٹر نشیتھ کمار کے مطابق یہ نیا تشخیصی نظام پھیپھڑوں، جگر، گردے کے ٹیومر، سینے یا پیٹ کے اندر گہرائی میں موجود سوجن، ہڈیوں سے متعلق بیماریوں اور کینسر کی تشخیص میں انتہائی مفید ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
i
user

قومی آواز بیورو

دہلی کے صفدر جنگ اسپتال میں مریضوں کی جانچ کا عمل مزید آسان، محفوظ اورجدید ہوگیا ہے۔ نئی ٹیکنالوجی کے ذریعہ سنگین بیماریوں کی تشخیص اب بغیرسرجری ممکن ہوگی جس سے مریضوں کو وقت، خطرہ اور اخراجات سے کافی راحت ملے گی۔ یہ جدید طریقہ کار ٹیسٹ کے لیے مریض کے جسم سے ٹشو نکالنے کے لیے آپریشن کی ضرورت کو ختم کردے گا۔ اعلی درجے کی سی ٹی اسکین ٹیکنالوجی کے ذریعہ متعلقہ عضو میں انجیکشن لگا کر ٹشو یا سیال کا نمونہ لیا جائے گا۔ اس عمل سے بیماری کی تشخیص مزید بہترہوگی اورمریضوں کوغیر ضروری درد اورخطرے سے بھی بچایا جاسکے گا۔ اسپتال میں حال ہی میں دو نئی سی ٹی اسکین مشینیں نصب کی گئی ہیں، جن سے ٹیسٹ کی صلاحیت اور رفتار دونوں میں اضافہ ہوا ہے۔

اسپتال کے کارپوریٹ سماجی ذمہ داری اسکیم (سی ایس آر) کے نوڈل آفیسر پروفیسر ڈاکٹر نشیتھ کمار کے مطابق یہ نیا تشخیصی نظام پھیپھڑوں، جگر، گردے کے ٹیومر، سینے یا پیٹ کے اندر گہرائی میں موجود سوجن، ہڈیوں سے متعلق بیماریوں اور کینسر کی تشخیص میں انتہائی مفید ہے۔ سی ٹی اسکین کی واضح امیجنگ کے ذریعہ ڈاکٹر سوئی کو بلکل سہی جگہ تک پہنچاتے ہیں اور وہیں سے بہت چھوٹا نمونہ لے کر ٹیسٹ مکمل کرلیتے ہیں۔ ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ کی سربراہ ڈاکٹر امیتا ملک نے بتایا کہ پہلے اس طرح کے ٹیسٹ کے لیے کئی مریضوں کو آپریشن کے ذریعہ بائیوپسی سے گزرنا پڑتا تھا۔ یہ طریقہ کار نہ صرف مہنگا تھا بلکہ اس میں پیچیدگیاں اور زیادہ وقت لگنے کا خطرہ بھی رہتا تھا۔ سی ٹی اسکین گائیڈڈ سوئی ٹیسٹ سے یہ پریشانی کافی حد تک ختم  ہوگئی ہے کیونکہ اس میں خطرات کم اور نتائج زیادہ قابل اعتماد ہوتے ہیں۔


ڈاکٹر امیتا ملک نے بتایا کہ سی ٹی اسکین کے ذریعہ ہونے والا یہ ٹیسٹ مکمل طور پر مفت فراہم کیا جائے گا۔ اس سے خاص طور پر مالی مشکلات کے شکار مریضوں کو بڑی راحت ملے گی۔ اب انہیں سنگین بیماریوں کی تصدیق کے لیے نہ تو نجی اسپتالوں کا رُخ کرنے پڑے گا اور نہ ہی دوسرے شہروں میں بھٹکنا ہوگا۔ پروفیسر دھرمیندر کمار سنگھ کے مطابق پہلے صفدر جنگ اسپتال میں صرف ایک ہی سی ٹی اسکین مشین تھی، جس سے روزانہ تقریباً 150 مریضوں کی جانچ ہوپاتی تھی۔ مریضوں کی تعداد زیادہ ہونے کی وجہ سے اکثر طویل انتظار کرنا پڑتا تھا۔ اب دو نئی مشینوں کے اضافے سے روزانہ سی ٹی اسکین جانچ میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ اسپتال انتظامیہ کا ماننا ہے کہ اس سہولت سے سنگین بیماریوں کا بروقت پتہ لگانا ممکن ہوگا اور مریضوں کو بہترعلاج مل سکے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔