تمل ناڈو کے بعد اتر پردیش میں بھی 'پی ایم کسان یوجنا' میں گھوٹالہ

اتر پردیش کے شاہجہاں پور ضلع میں محکمہ خزانہ اور زراعت کے افسران نے پبلک سروس سنٹر کے ساتھ مل کر کئی ایسے لوگوں کو پی ایم کسان سمّان یوجنا کا فائدہ پہنچایا جن کے پاس زمین ہی نہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

مودی حکومت کے مشہور 'پردھان منتری کسان سمّان ندھی یوجنا' میں تمل ناڈو کے بعد اب اتر پردیش میں بھی بڑا گھوٹالہ ظاہر ہوا ہے۔ ریاست کے شاہجہاں پور ضلع میں بڑے پیمانے پر بغیر زمین والوں، یہاں تک کہ پرائمری اسکول میں پڑھنے والے ہزاروں بچوں کے بینک اکاؤنٹس میں بھی پی ایم کسان سمّان یوجنا کی رقم پہنچانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ یہ گھوٹالہ ظاہر ہونے کے بعد ضلع انتظامیہ میں کھلبلی مچی ہوئی ہے۔

ہندی نیوز پورٹل 'جن ستّا' میں شائع خبر کے مطابق شاہجہاں پور ضلع کی تلہر تحصیل میں یہ گھپلہ ظاہر ہوا ہے۔ خبر کے مطابق محکمہ زراعت اور خزانہ کے افسران نے مقامی پبلک سروس سنٹرس کے ساتھ ملی بھگت کر کئی بغیر زمین والوں کو پی ایم کسان یوجنا کا فائدہ پہنچایا۔ اتنا ہی نہیں، حد تو تب ہو گئی جب پرائمری اسکول میں پڑھنے والے ہزاروں بچوں کے بینک اکاؤنٹس میں بھی پی ایم کسان یوجنا کی رقم پہنچ گئی۔


کہا جا رہا ہے کہ جن بغیر زمین والے کسانوں کے نام پر پیسہ بھیجا گیا، ان سے دلالوں نے آدھار مائیکرو اے ٹی ایم پ ر زبردستی انگوٹھا لگوا کر کسان سمان یوجنا کی رقم نکلوا لی۔ وہیں ملی بھگت کر بچوں کے نام پر بڑی عمر کے لوگوں کی تصویر لگا کر اکاؤنٹ کھلوانے اور اس میں منصوبہ کی رقم منگانے کا بھی معاملہ سامنے آیا ہے۔ ان سبھی نے جیتی پور کے ایک پبلک سروس سنٹر میں ہی اپنا اکاؤنٹ کھلوایا تھا۔ کہا جا رہا ہے کہ اور بھی بہت سے فرضی اکاؤنٹس کھولے گئے ہیں، جن کو پی ایم کسان یوجنا سے جوڑا گیا ہے۔ ان سبھی اکاؤنٹس سے لگاتار لین دین کی بات بھی سامنے آئی ہے۔

معاملہ منظر عام پر آنے کے بعد اب پولس اس معاملے کی جانچ کر رہی ہے اور اس گھوٹالہ کے اہم ملزم کی شناخت کر جلد گرفتاری کی بات کر رہی ہے۔ حالانکہ اس سے پہلے پولس نے معاملے میں درجن بھر لوگوں کو گرفتار کیا تھا، جس کے بعد فرضی واڑے میں کئی بڑے انکشافات ہونے کی بات سامنے آئی تھی۔ اس درمیان بدھ کو بینک آف بڑودہ کی جیتی پور برانچ میں افسران نے کسان سمّان ندھی یوجنا کا فائدہ اٹھانے والے کچھ نااہل لوگوں کے اکاؤنٹس بند بھی کیے ہیں۔


دوسری طرف اس معاملے میں اکھل بھارتیہ پردھان سنگٹھن کے قومی نائب سربراہ ویپن مشرا نے ریاست کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کو خط لکھ کر پورے گھوٹالے کی سی بی آئی جانچ کا مطالبہ کیا ہے۔ انھوں نے خط میں محکمہ زراعت، محکمہ خزانہ، بینک اور پبلک سروس سنٹر کی ملی بھگت سے کسان سمّان ندھی یوجنا میں بڑے گھوٹالے کا الزام عائد کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ افسران کی ملی بھگت سے نااہل لوگوں کو بھی منصوبہ سے جوڑ دیا گیا، جب کہ حقیقی کسان اب بھی منصوبہ سے فائدہ نہیں اٹھا سکے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔