ہندو خواتین ہی نہیں، مسلم خواتین میں بھی کم ہوئی بچے پیدا کرنے کی شرح

سینئر محقق اسٹیفنی کریمر کا کہنا ہے کہ 1990 کی دہائی میں ہندوستان میں فی خواتین 3.4 بچے جنم لے رہے تھے جو کہ 2015 میں گھٹ کر 2.2 پر پہنچ گیا۔ اس میں سب سے بڑا تعاون مسلم خواتین کا ہی ہے۔

علامتی، تصویر آئی اے ین ایس
علامتی، تصویر آئی اے ین ایس
user

تنویر

ہندوستان میں آبادی پر قابو پانے کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے جانے کی آواز لگاتار اٹھ رہی ہے، اس درمیان ایک رپورٹ سامنے آئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان میں گزشتہ دہائیوں میں سبھی مذاہب کے لوگوں کی شرح پیدائش میں زبردست گراوٹ ہوئی ہے۔ یہ رپورٹ اس تعلق سے کافی اہم ہے کہ ہندو خواتین ہی نہیں، بلکہ مسلم خواتین میں بھی بچوں کی شرح پیدائش کو لے کر بڑی گراوٹ کا پتہ چلا ہے۔ بی جے پی حکمراں ریاستوں میں جب بھی آبادی کنٹرول پر بات ہوتی ہے تو مسلمانوں کو آبادی بڑھنے کے لیے ذمہ دار ٹھہرایا جاتا ہے اور ان کے خلاف زہر افشانی بھی ہوتی رہی ہے، لیکن تازہ رپورٹ نے سچائی سب کے سامنے لا دی ہے۔

امریکی ادارہ ’پیو ریسرچ سنٹر‘ کا ایک تازہ مطالعہ بتاتا ہے کہ 1951 سے ہندوستان کی مذہبی بناوٹ میں معمولی تبدیلی ہوئی ہے۔ ہندوستان کے سبھی مذاہب میں شرح پیدائش لگاتار گھٹی ہے جس وجہ سے ملک کی اصل مذہبی بناوٹ میں معمولی تبدیلی ہوئی ہے۔ 1.2 ارب آبادی والے ملک میں 94 فیصد لوگ ہندو اور مسلم مذہب کے ہیں۔ باقی چھ فیصد آبادی میں عیسائی، سکھ، بودھ اور جین شامل ہیں۔ پیو ریسرچ سنٹر نے نیشنل فیملی ہیلتھ سروے (این ایف ایچ ایس) اور مردم شماری کے اعداد و شمار کا تفصیلی مطالعہ کیا ہے۔ اس مطالعہ کے ذریعہ یہ سمجھنے کی کوشش کی گئی ہے کہ ہندوستان میں مذہبی ڈھانچہ میں کس طرح کی تبدیلی آئی ہے، اور اگر ایسا ہوا ہے تو اس کی وجہ کیا ہے۔ 1951 کی مردم شماری میں ہندوستان کی آبادی 36.1 کروڑ تھی جو 2011 میں 1.2 ارب ہو گئی تھی۔ پیو کا مطالعہ کہتا ہے کہ اس دوران سبھی مذاہب کی آبادی میں اضافہ ہوا ہے۔ ہندوؤں کی آبادی 30.4 کروڑ سے بڑھ کر 96.6 کروڑ ہو گئی ہے، اور اسلام کو ماننے والے 3.5 کروڑ سے بڑھ کر 17.2 کروڑ پر پہنچ گئے ہیں۔ علاوہ ازیں عیسائیوں کی آبادی 80 لاکھ سے بڑھ کر 2.8 کروڑ ہو گئی ہے۔


رپورٹ میں حالانکہ 2015 کے اعداد و شمار کے مطابق مسلمانوں میں شرح پیدائش سب سے زیادہ 2.6 بتائی گئی ہے، لیکن اس کے بعد ہندوؤں کا نمبر آتا ہے جن میں شرح پیدائش 2.1 ہے۔ اس سے ظاہر ہے کہ دونوں طبقہ کے درمیان شرح پیدائش کو لے کر بہت زیادہ فرق نہیں ہے۔ جین مذہب میں شرح پیدائش فی خاتون 1.2 دیکھنے کو ملی جو کہ دیگر سبھی مذاہب کے مقابلے میں سب سے کم ہے۔ یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ 1992 میں مسلمان خواتین میں شرح پیدائش 4.4 اور ہندوؤں میں 3.3 تھی۔ یعنی فی خواتین مسلمانوں میں شرح پیدائش 4.4 بچے اور ہندوؤں میں شرح پیدائش 3.3 تھی۔ اس پر غور کیا جائے تو پتہ چلتا ہے کہ مسلمانوں میں شرح پیدائش میں زبردست گراوٹ درج کی گئی ہے۔ مسلم خواتین میں پہلے کے مقابلے شرح پیدائش میں تقریباً 2 بچے فی خواتین کی کمی درج کی گئی ہے، جب کہ ہندوؤں میں فی خواتین 1.2 بچے کی کمی درج کی گئی۔

پیو ریسرچ سنٹر کی سینئر محقق اسٹیفنی کریمر لکھتی ہیں کہ ایک ہی نسل میں 25 سال سے کم عمر کی مسلم خواتین کے بچے پیدا کرنے کی شرح میں تقریباً دو بچوں کی کمی ہو گئی ہے۔ ساتھ ہی کریمر کے مطابق 1990 کی دہائی میں ہندوستان میں فی خواتین 3.4 بچے جنم لے رہے تھے جو کہ 2015 میں گھٹ کر 2.2 پر پہنچ گیا۔ اس میں سب سے بڑا تعاون مسلم خواتین کا ہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔