مدھیہ پردیش میں قدرت کا قہر، بارش کے درمیان آسمانی بجلی گرنے سے 5 افراد ہلاک

تیز بارش کے ساتھ آسمانی بجلی گرنے سے مدھیہ پردیش کے الگ الگ علاقوں میں پانچ افراد کی موت ہو گئی اور ایک خاتون بری طرح جھلس گئی جس کی حالت سنگین بنی ہوئی ہے۔

علامتی، آسمانی بجلی، تصویر آئی اے این ایس
علامتی، آسمانی بجلی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

مدھیہ پردیش میں تیز بارش کے ساتھ آسمانی بجلی گرنے سے الگ الگ مقامات پر پانچ لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ ایک خاتون کے آسمانی بجلی کی زد میں آنے سے بری طرح جھلسنے کی خبر بھی موصول ہو رہی ہے۔ یہ حادثے مرینا اور بیتول علاقوں میں پیش آئے ہیں۔

ملی جانکاری کے مطابق مرینا ضلع کے امباہ میں منگل کو تیز بارش کے درمیان آسمانی بجلی گری۔ اس حادثے میں ایک پتھر کے کاروباری سمیت تین کی موت ہو گئی۔ بتایا گیا ہے کہ تیز بارش ہو رہی تھی تبھی اپنے دفاع کے لیے پتھر کاروباری رام ویر سنگھ تومر، چار پہیہ گاڑی چلانے والا لوکیندر تومر اور ٹریکٹر ڈرائیور دھرم ویر پرجاپتی نے محفوظ مقام کا سہارا لیا، لیکن ان کے لیے یہ محفوظ جگہ ہی موت کی وجہ بن گئی۔ سبھی ایک جگہ پر اکٹھا ہوئے تبھی بارش کے دوران تیز آواز کے ساتھ آسمانی بجلی پتھر پر گری اور تینوں اس کی زد میں آ گئے۔ زخمی حالت میں تینوں کو امباہ اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے سبھی کو مردہ قرار دے دیا۔


اسی طرح کا حادثہ بیتول ضلع میں بھی ہوا جہاں دو لوگوں کی موت ہو گئی اور ایک خاتون بری طرح جھلس گئی۔ حادثہ آملہ بلاک کے تحت آنے والی گرام پنچایت ٹھانی میں ہوا ہے۔ آملہ کمیوٹی ہیلتھ سنٹر کے بلاک میڈیکل افسر اشوک نرورے نے بتایا کہ منگل کو اچانک موسم بدلا اور گرج و چمک کے ساتھ تیز بارش ہونے لگی۔ اسی دوران آسمانی بجلی کی زد میں آنے سے گرام پنچایت ٹھانی میں شیولال، سمپت اور رادھیکا سبھی قبائلی جھلس گئے۔ ان میں سے شیولال اور سمپت قبائلی کی حالت زیادہ سنگین ہونے سے علاج کے دوران دونوں کی موت ہو گئی۔ رادھیکا کی حالت اس وقت سنگین بنی ہوئی ہے۔ ڈاکٹر نرورے نے بتایا کہ رادھیکا کا علاج کمیونٹی ہیلتھ سنٹر میں چل رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */