جموں و کشمیر میں کسی کے ساتھ بھی تعصب نہیں برتا جائے گا: منوج سنہا

جموں و کشمیر یونین ٹریٹری کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پانچ اگست کو ایک اہم دن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ برسہا برس کی علیحدگی کے بعد جموں و کشمیر مین اسٹریم میں شامل ہوگیا ہے

تصویر ٹوئٹر @ANI
تصویر ٹوئٹر @ANI
user

یو این آئی

سری نگر: جموں و کشمیر یونین ٹریٹری کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پانچ اگست کو ایک اہم دن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ برسہا برس کی علیحدگی کے بعد جموں و کشمیر مین اسٹریم میں شامل ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی جائز شکایات کو سنا جائے گا اور انہیں حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے ان باتوں کا اظہار جمعے کے روز یہاں راج بھون میں اپنی حلف برداری کی تقریب کے حاشئے پر میڈیا کے ساتھ کیا۔ انہوں نے کہا: 'کشمیر بھارت کے لئے جنت کی حیثیت رکھتا ہے، مجھے یہاں اپنا رول ادا کرنے کا موقع نصیب ہوا ہے۔ پانچ اگست ایک اہم دن ہے، سالہا سال کی علیحدگی کے بعد جموں وکشمیر مین اسٹریم میں شامل ہوا ہے'۔


ان کا کہنا تھا کہ برسوں کے بعد یہاں کئی پروجیکٹس شروع کئے گئے ہیں اور میں ترجیحی بنیادوں پر ان پرجیکٹوں کو آگے لے جاؤں گا۔ منوج سنہا نے کہا کہ یہاں کسی کے ساتھ بھی کوئی تعصب نہیں برتا جائے گا بلکہ آئینی اختیارات کو لوگوں کی بہبودی کے لئے استعمال کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا: 'یہاں کسی کے ساتھ کوئی تعصب نہیں کیا جائے گا۔ آئینی اختیارات کو لوگوں کی بہبودی کے لئے استعمال کیا جائے گا۔ میں لوگوں کو یقین دلاتا ہوں کہ ان کی جائز شکایات کو سنا جائے گا اور ان کو حل کرنے کی کوشش کی جائے گی'۔

موصوف نے کہا کہ تعمیر و ترقی کے کاموں کو آگے لے جانا میرا مقصد ہوگا۔ قابل ذکر ہے کہ منوج سنہا نے جمعے کے روز جموں و کشمیر کے دوسرے لیفٹیننٹ گورنر کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔ تین بار رکن پارلیمان رہ چکے منوج سنہا کا شمار بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈروں میں کیا جاتا ہے۔ انہیں سابق لیفٹیننٹ گورنر گریش چندرا مرمو کے استعفیٰ کے بعد اس عہدے پر فائز کیا گیا ہے۔ مرمو کو کمپٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل کے اعلیٰ عہدے سے سرفراز کیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔