این آر سی پورے ملک میں نافذ کرنے سے متعلق ابھی کوئی فیصلہ نہیں: وزارت داخلہ

مرکزی وزیر نتیانند رائے نے لوک سبھا میں کہا کہ این آر سی پورے ملک میں نافذ کرنے کو لے کر فی الحال کوئی فیصلہ نہیں ہوا، ابھی قومی آبادی رجسٹر (این پی آر) اَپ ڈیٹ کرنے کو لے کر کام چل رہا ہے۔

پارلیمنٹ کی فائل تصویر یو این آئی
پارلیمنٹ کی فائل تصویر یو این آئی
user

تنویر

این آر سی کو پورے ملک میں نافذ کیا جائے گا یا نہیں، اس سلسلے میں کئی بار مرکز کی مودی حکومت سے سوال کیا گیا۔ اس تعلق سے رواں مانسون اجلاس کے دوران پارلیمنٹ میں بھی سوال پوچھا گیا جس پر مرکزی حکومت نے واضح لفظوں میں کہا ہے کہ ابھی ملک بھر میں این آر سی (قومی شہریت رجسٹر) نافذ کرنے پر کوئی فیصلہ نہیں لیا گیا ہے۔ مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ نتیانند رائے نے یہ جانکاری لوک سبھا میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے دی۔ انھوں نے کہا کہ ابھی قومی آبادی رجسٹر (این پی آر) اَپ ڈیٹ کرنے کو لے کر کام چل رہا ہے۔

واضح رہے کہ این آر سی کو لے کر ملک گیر سطح پر مظاہرے ہوتے رہے ہیں اور اب بھی لگاتار اس کے خلاف آوازیں اٹھ رہی ہیں۔ اس تعلق سے پوچھے گئے سوالوں کے جواب مرکزی وزیر مملکت نتیانند رائے نے لوک سبھا میں دیئے۔ مردم شماری 2021 پر پوچھے گئے ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ ذات کے اعداد و شمار جاری کرنے کی فی الحال کوئی تجویز نہیں ہے۔ آئندہ مردم شماری پہلی ڈیجیٹل مردم شماری ہوگی۔ اعداد و شمار جمع کرنے کے لیے موبائل ایپ اور ایک مردم شماری پورٹل تیار کیا گیا ہے۔


جموں و کشمیر میں باہر کے لوگوں کے زمین خریدنے کے تعلق سے پوچھے گئے ایک سوال کے تحریری جواب میں وزیر مملکت نے کہا کہ ’’اگست 2019 سے جموں و کشمیر کے باہر کے صرف دو لوگوں نے اب تک ملکیتیں خریدی ہیں۔ جموں و کشمیر میں اب زمین خریدنے میں باہری لوگوں یا حکومت کو کسی طرح کے مشکل عمل کا سامنا نہیں کرنا پڑ رہا ہے۔‘‘ دراصل جموں و کشمیر میں دو سال قبل دفعہ 370 اور 35 اے کو ختم کر دیا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔