نتیش مغرور ہیں، وزیر اعظم بننے کا خواب ٹوٹا تو بی جے پی کی گود میں بیٹھ گئے: لالو

لالو یادو نے کہا کہ کانگریس پارٹی میں کام کرنے والے چھوٹے لیڈر ہمارے تعاون کو نہیں سمجھتے، میں ان لیڈروں پر دھیان نہیں دیتا، میرا ماننا ہے کہ کانگریس اب بھی ملک میں اپوزیشن پارٹیوں کی قیادت کر رہی ہے۔

لالو یادو، نتیش کمار، تصویر آئی اے این ایس
لالو یادو، نتیش کمار، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) سربراہ لالو پرساد نے منگل کو بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار پر نشانہ سادھتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کے سب سے مغرور شخص ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ’’وہ (نتیش کمار) وزیر اعظم کی کرسی پر نظر رکھ رہے تھے۔ ان کی پارٹی کے لیڈروں نے انھیں وزیر اعظم میٹریل کی شکل میں پیش کیا۔ بی جے پی کی اعلیٰ قیادت اس بات سے اچھی طرح واقف ہے۔ ایک بار جب ملک کا وزیر اعظم بننے کا ان کا خواب ٹوٹ گیا، تو وہ بی جے پی کی گود میں بیٹھ گئے اور بہار میں حکومت بنائی۔‘‘

کانگریس پارٹی سے چل رہی اندرونی رنجش پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے لالو نے کہا کہ پارٹی کی سرکردہ قیادت اس بات سے اچھی طرح واقف ہے کہ آر جے ڈی نے مرکز میں سب سے پرانی پارٹی کو حمایت دینے کے لیے کیا تعاون دیا ہے۔ لالو نے کہا کہ ’’کانگریس پارٹی میں کام کرنے والے چھوٹے لیڈران ہمارے تعاون کو نہیں سمجھتے ہیں۔ میں ان لیڈروں پر توجہ نہیں دیتا۔ میرا ماننا ہے کہ کانگریس اب بھی ملک میں اپوزیشن پارٹیوں کی قیادت کر رہی ہے اور اپوزیشن پارٹیوں کو متحد کر رہی ہے۔‘‘


ضمنی انتخاب پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے لالو پرساد نے کہا کہ اس میں کوئی شبہ نہیں ہے کہ آر جے ڈی تاراپور اور کشیشور استھان دونوں سیٹوں پر جیت حاصل کرنے جا رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ تیجسوی نے بہار میں اثردار طریقے سے پارٹی کی قیادت کی۔ وہ پہلے ہی برسراقتدار این ڈی اے کے خلاف ایک مضبوط لیڈر کی شکل میں سامنے آ چکے ہیں۔

واضح رہے کہ ایک دن قبل پیر کو نتیش کمار نے کہا تھا کہ وہ لالو پرساد کو نوٹس نہیں کرتے ہیں، جو صرف بولتے ہیں لیکن کبھی کچھ نہیں کرتے۔ نتیش کمار نے کہا کہ جب وہ جیل میں تھے تب وہ وہاں سے بات کرتے تھے اور انتخابی تشہیر بھی کرتے تھے۔ وہ جیل سے باہر آنے کے بعد اب پھر سے بات کر رہے ہیں۔ انھیں کون روک رہا ہے؟ انھیں جو کرنا ہے کرنے دیں۔ میں اس پر کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔