یو پی انتخاب سے قبل نتن گڈکری نے کیا خوشنما وعدہ، سڑک تعمیرات پر 5 لاکھ کروڑ روپے خرچ کرنے کا وعدہ

مرکزی وزیر برائے ٹرانسپورٹ نتن گڈکری نے پیر کے روز اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے ساتھ جونپور کے مچھلی شہر میں 1123 کروڑ روپے کے اخراجات والی تین قومی شاہراہوں کا سنگ بنیاد رکھا۔

تصویر ٹوئٹر@nitin_gadkari
تصویر ٹوئٹر@nitin_gadkari
user

یو این آئی

جونپور: مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری نے اترپردیش میں ووٹروں سے آئندہ سال ہونے والے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی ڈبل انجن کی حکومت بنانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست میں اگلے پانچ سالوں میں اہم سڑک پروجکٹوں پر پانچ لاکھ کروڑ روپئے خرچ کرنے کا منصوبہ ہے۔

گڈکری نے پیر کو اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے ساتھ جونپور کے مچھلی شہر میں 1123 کروڑ روپئے کے اخراجات والی تین قومی شاہراہوں کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر منعقد عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے گڈکری نے کہا کہ مرکزی حکومت کے ذریعہ مجوزہ ترقیاتی پروجکٹوں، خاص کر سڑک پروجکٹوں کے لئے پیسے کی کوئی کمی نہیں ہے۔


انہوں نے کہا کہ ’ہمارے پاس وزارت بھی ایسی ہے جہاں پیسوں کی کوئی کمی نہیں ہے۔ اس مد میں ریاستیں بجٹ مانگتے مانگتے تھک جائیں گی لیکن ہم دیتے دیتے نہیں تھکیں گے۔ گڈکری نے یوپی میں ترقی کو رفتار دینے کے لئے ریاست میں اگلے پانچ سالوں کے لئے بی جے پی حکومت کو وقت کی مانگ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ’میں وعدہ کرتا ہوں کہ ڈبل انجن کی حکومت بننے دیجئے، یو پی میں آنے والے 5 سالوں میں 5 لاکھ کروڑ روپئے کے کام ہوں گے۔

مرکزی وزیر نے کہا کہ آج پورا ملک یوگی آدتیہ ناتھ کو اس بات کے لئے یاد کرتا ہے کہ انہوں نے اترپردیش کو مافیاؤں سے آزادی دلا کر ریاست کو ترقی کے راستے پر لا کھڑا کیا ہے۔ یوپی کو نئی شناخت دلانے کا کریڈٹ یوگی کو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یوپی سے غنڈہ راج کو اکھاڑ پھینکا ہے۔ مافیا راج کو بلڈوزر کے نیچے دبا دیا ہے۔ اگر رام راج کا تصور کیا جائے تو وہ یوپی میں ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔


وہیں اس دوران یوپی کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے بھی عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سابقہ حکومتوں پر عوامی فنڈ کے غلط استعمال کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ ’سابقہ حکومتیں خزانے میں ڈکیتی ڈالنے کا کام کرتی تھی۔ حکومت کی اسکیمات کو صرف اپنے چہیتوں کو دیا جاتا تھا۔ غریب و کسان تو سرکاری اسکیمات سے محروم رہتے تھے۔

وزیر اعلی نے ایس پی سربراہ اکھلیش یادو کا نام لئے بغیر ان پر طنز کستے ہوئے کہا کہ ’آج کچھ لوگ یوپی کے ترقی کا دعوی کر رہے ہیں۔ عوام کی خدمت کرنے کا دم بھرتے ہیں۔ لیکن وہ بھول گئے ہیں کہ کس طرح سے مافیاؤں اور مجرمین کو پناہ دے کر تاجروں کی زمین پر قبضہ کر کے وصول کرواتے تھے۔ ابھی عوام یہ سب بھولے نہیں ہیں۔ یوگی نے دعوی کیا کہ گزشتہ ساڑھے چار سالوں میں یوپی میں کوئی بھی فساد نہیں ہوا ہے۔ اور مجرمین یوپی سے نقل مکان کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجرمین کو پتہ ہے کہ جو بلڈوزر سڑک پر چلتا ہے وہ صحیح معنوں میں مافیاؤں پر ہی چلایا جارہا ہے یہی نیا یوپی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔