ویڈیو: لندن کی سڑکوں پر مسکراتا گھوم رہا ہے بھگوڑا چھوٹا مودی

مودی حکومت جس بھگوڑے نیرو مودی کو شدت سے تلاش کرنے کا دعویٰ کر رہی ہے وہ لندن کی سڑکوں پر گھومتا ہوا نظرآیا۔ اس کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے جس میں ایک صحافی نیرو مودی سے کچھ سوال کررہا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

پنجاب نیشنل بینک کا ہزاروں کروڑ روپے لے کر فرار ہونے والے جس ہیرا کاروباری نیرو مودی کو ہندوستانی جانچ ایجنسیاں تلاش کر رہی ہیں، وہ بے فکر ہو کر لندن کی سڑکوں پر گھوم رہا ہے۔ نیرو مودی کا ایک ویڈیو منظر عام پر آیا ہے جس میں وہ لندن کی سڑکوں پر گھومتا ہوا اور مسکراتا ہوا نظر آ رہا ہے۔ انگریزی اخبار ’دی ٹیلی گراف‘ کے صحافی نے نیرو مودی سے سڑکوں پر چلتے ہوئے کئی سوال بھی پوچھے لیکن اس نے کسی بھی سوال کا جواب نہیں دیا اور مسکراتے ہوئے صرف ’نو کمنٹس‘ کہتا رہا۔

’دی ٹیلی گراف‘ نے نیرو مودی کا ویڈیو اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر شیئر بھی کیا ہے جو کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکا ہے۔ اس ویڈیو میں اخبار کا صحافی ایک کے بعد ایک کئی سوال پوچھتا ہے لیکن نیرو مودی کسی کا بھی جواب نہیں دیتا ہے۔ حیرانی کی بات یہ ہے کہ فرار قرار دیئے جا چکے ہیرا کاروباری کے چہرے پر شکن تک نہیں تھی اور وہ سوال سن کر مسکرا رہا تھا۔ مرکز کی مودی حکومت نیرو مودی کو جلد گرفتار کر ہندوستان لانے کا دَم بھر رہی ہے لیکن اس کا دعویٰ جھوٹا ہی ثابت ہو رہا ہے کیونکہ چھوٹا مودی تو بلاروک ٹوک لندن میں گھوم رہا ہے۔

نیرو مودی کا ویڈیو سامنے آنے کے بعد کانگریس پارٹی نے مرکز کی مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور کچھ سوال بھی پوچھے ہیں۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ ’’صحافی تو نیرو مودی کو پکڑنے کامیاب ہو گئے، لیکن مودی حکومت ایسا کیوں نہیں کر پائی؟ مودی کس کی حفاظت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں؟ خود کو یا نیرو مودی یا انھیں جنھوں نے نیرو مودی کو بھگایا؟‘‘

دراصل ہیرا کاروباری نیرو مودی پر 13 ہزار کروڑ روپے پی این بی گھوٹالے کا الزام ہے۔ پی این بی سے اس دھوکہ دہی کے معاملے میں ای ڈی نے نیرو مودی کے خلاف 15 فروری 2018 کو پی ایم ایل اے کے ضابطوں کے تحت معاملہ درج کیا تھا۔ نیرو مودی، میہل چوکسی اور دیگر لوگوں نے پنجاب نیشنل بینک کے کچھ بینک افسران کے ساتھ مل کر بینک کے ساتھ ہزاروں کروڑ روپے کی دھوکہ دہی کی تھی۔

خبروں کے مطابق اب تک نیرو مودی کی ہندوستان اور بیرون ممالک میں موجود 1725.36 کروڑ روپے کی ملکیت ضبط کی جا چکی ہیں۔ جمعہ کو مہاراشٹر کے علی باغ میں انتظامیہ نے اس کے بنگلے کو بھی وِسٹ کر کے اڑا دیا تھا، جس میں کبھی نیرو مودی فیشن شو کا انعقاد کیا کرتا تھا۔ ماحولیاتی قوانین کو نظر انداز کر کے نیرو مودی نے بنگلے کو بنوایا تھا اور عدالت کے حکم کے بعد بنگلے کو منہدم کر دیا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔