’’این آئی اے کسانوں کی جگہ ارنب گوسوامی کو نوٹس بھیجے‘‘

کانگریس لیڈر سنیل جاکھڑ نے کہا کہ اس وقت اگر کسی کی این آئی اے کے ذریعہ جانچ کی جانی چاہئے تو وہ ارنب گوسوامی ہیں جنہوں نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خلاف ورزی کی ہے۔

سنیل جاکھڑ، تصویر آئی اے این ایس
سنیل جاکھڑ، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

چندی گڑھ: پنجاب پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر سنیل جاکھڑ نے آج بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی قیادت والی مرکزی حکومت کی قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کی جانب سے کسانوں کو نوٹس بھیجنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ نوٹس تو ارنب گوسوامی کو بھیجے جانے چاہیے۔

سنیل جاکھڑ نے آج یہاں جاری ایک بیان میں کہا کہ اس وقت اگر کسی کی این آئی اے کے ذریعہ جانچ کی جانی چاہیے تو وہ ارنب گوسوامی (ایک نجی ٹی وی نیوز چینل کے ایڈیٹر) ہیں جنہوں نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خلاف ورزی کر کے ملک کی سلامتی سے جڑی خفیہ معلومات کا دیگر لوگوں سے اشتراک کیا ہے۔


انہوں نے کسان لیڈروں سے بھی اپیل کی کہ وہ مرکزی حکومت سے بات چیت کے دوران اس مسئلے کو اٹھائیں کیونکہ ان کے بچے سکیورٹی فورسز میں تعینات رہ کر ملک کی سرحدوں کی حفاظت کر رہے ہیں جن کے بارے میں ارنب گوسوامی خفیہ معلومات لیک کر رہے تھے۔

سنیل جاکھڑ نے کہا کہ ارنب گوسوامی کو ایسی خفیہ معلومات وزیر اعظم آفس یا وزارت دفاع سے ہی کسی نے لیک کی ہوں گی اور ان عناصر کی شناخت کر کے ان کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیے کیونکہ یہ ملک کی سلامتی کے لئے بہت بڑا چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں ایسی کسی قسم کی معلومات کے افشا ہونے کے خطرے سے بچنے کے لئے ضروری ہے کہ اس معاملے میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */