آئندہ ہفتہ مزید ٹھٹھرتا نظر آئے گا شمالی ہند، میدانی علاقوں میں پارہ مائنس 4 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کا امکان

آئی ایم ڈی کا کہنا ہے کہ 14 اور 19 جنوری کے درمیان برفیلی ہواؤں اور  شدید سردی کا تجربہ کیا جا سکتا ہے اور 16 سے 18 جنوری تک ٹھنڈ اپنے عروج پر رہنے کا امکان ہے۔

<div class="paragraphs"><p>سردی، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

سردی، تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

شمالی ہند میں اس وقت شدید سردی کی لہر جاری ہے۔ لیکن اس سردی میں مزید شدت کی قیاس آرائیاں ہو رہی ہیں۔ یعنی فی الحال شمالی ہند کو ٹھٹھرن سے نجات ملنے والی نہیں ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیشین گوئی کی ہے کہ شمالی ہند کے وسیع حصوں میں درجہ حرارت میں کمی کا امکان ہے۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق میدانی علاقوں میں درجہ حرارت کم از کم مائنس 4 ڈگری سیلسیس اور زیادہ سے زیادہ 2 ڈگری سیلسیس تک گر سکتا ہے۔

آئی ایم ڈی کا کہنا ہے کہ 14 اور 19 جنوری کے درمیان برفیلی ہواؤں کے ساتھ شدید سردی کا تجربہ کیا جا سکتا ہے اور 16 سے 18 جنوری تک ٹھنڈ اپنے عروج پر رہنے کا امکان ہے۔ قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر میں برف باری ہو رہی ہے اور پارہ کے کم از کم مائنس 6 ڈگری سیلسیس تک گرنے کی پیشین گوئی کے ساتھ ریاست کے لیے کوئی راحت والی خبر نہیں ہے۔


جہاں تک پنجاب، ہریانہ، نئی دہلی، راجستھان، اتر پردیش اور مدھیہ پردیش سمیت دیگر شمالی ہند کی ریاستوں کا سوال ہے، یہاں آئندہ ہفتہ کے دوران شدید سردی کا احساس کیا جائے گا۔ کم از کم درجہ حرارت 0 سے 4 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

ایک ماہر موسمیات نے اس سلسلے میں ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’’پتہ نہیں اس کو کس طرح پیش کیا جائے، لیکن 14 سے 19 جنوری 2023 کے دوران ہندوستان میں سرد لہر کا اثر دیکھنے کو ملے گا۔ 16 سے 18 جنوری کو یہ سرد لہر اپنے عروج کے ساتھ بہت زیادہ نظر آئے گا۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے لکھا ہے کہ ’’میں نے اپنے کیریر میں اب تک کسی پیشین گوئی کے ماڈل میں درجہ حرارت کو اتنا کم نہیں دیکھا۔ میدانی علاقوں کو منفی 7 ڈگری سلسیس سے 2 ڈگری سلسیس کے درمیان منجمد ہوتے دیکھا جائے گا۔‘‘


قابل ذکر ہے کہ اس وقت شمالی ہند کی کچھ ریاستوں میں زیادہ دھند کا سامنا نہیں ہے اور مغربی تلاطم کی وجہ سے تیز ہواؤں کے چلنے سے حد نگاہ میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ لیکن محکمہ موسمیات نے پیشین گوئی کی ہے کہ جلد ہی دھند واپس دیکھنے کو ملے گی۔ دریں اثنا محکمہ موسمیات نے بدھ کے روز اپنے بلیٹن میں مغربی ہمالیہ کے علاقے میں کہیں کہیں بارش یا برف باری اور ملحقہ میدانی علاقوں میں 13 جنوری تک الگ الگ مقامات پر بارش کی پیشین گوئی کی۔ آئی ایم ڈی کے مطابق جموں و کشمیر، لداخ اور ہماچل پردیش میں بھی ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ آج اور کل (12 اور 13 جنوری) کو معتدل حد تک زیادہ بارش یا برف باری ہو سکتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔