تلنگانہ میں نئی شکل کا کورونا وائرس داخل، اے پی میں بھی ایک معاملہ کا انکشاف

ذرائع کے مطابق یہ شخص، جو نئی شکل کے کورونا کا شکار ہوا ہے، دسمبر کے دوسرے ہفتے میں برطانیہ سے ورنگل پہنچا تھا اور 24 دسمبر کو اس کا معائنہ کیا گیا۔

کورونا وائرس/ تصویر آئی اے این ایس
کورونا وائرس/ تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

حیدرآباد: تلنگانہ میں نیا کورونا وائرس داخل ہوگیا ہے۔ سی سی ایم بی کے سائنسدانوں نے ورنگل سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کو برطانیہ میں شروع ہونے والے نئی شکل کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی نشاندہی کی ہے۔

محکمہ صحت کے عہدیداروں نے بھی اس معاملے کی تصدیق کی ہے اور مرکزی حکومت کی جانب سے اس کا اعلان کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق یہ شخص، جو نئی شکل کے کورونا کا شکار ہوا ہے، دسمبر کے دوسرے ہفتے میں برطانیہ سے ورنگل پہنچا تھا اور 24 دسمبر کو اس کا معائنہ کیا گیا۔


کورونا مثبت ہونے کی وجہ سے جنین کے نمونے سی سی ایم بی کو بھیجے گئے تھے۔ سی سی ایم بی کے سائنس دانوں نے یہ انکشاف کیا کہ یہ شخص برطانیہ میں تیزی سے پھیلنے والے نئی شکل کے کورونا سے متاثر ہوا ہے، معلوم ہوا ہے کہ اس شخص کے نمونے پونے میں ویرولوجی لیب کو بھیجے گئے ہیں۔ اس کی ماں بھی کورونا سے متاثر ہوئی ہے تاہم یہ عام شکل کا وائرس ہے۔

سی سی ایم بی کے مطابق تلنگانہ کا ایک شخص اور اے پی کا ایک شخص اس کورونا کی نئی شکل سے متاثر ہوئے ہیں۔ وزارت صحت کے مطابق ان متاثرین کو متعلقہ حکومتوں کی جانب سے بنائے گئے نگہداشت صحت کے مراکز میں الگ تھلگ رکھا گیا ہے جہاں ان کا علاج کیا جا رہا ہے۔ ان کے قریبی رشتہ داروں کو بھی قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔


ساتھ ہی ان کے ساتھ سفر کرنے والے افراد کا بھی پتہ چلانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ وزارت نے کہا کہ صورتحال قابو میں ہے اور ریاستوں کو نگرانی میں اضافہ، وبا کی روک تھام، معائنے کروانے اور نمونے آئی این ایس اے سی او جی لیب کو بھیجنے کے معمول کے مشورے دیئے گئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔