مہنگائی کے خلاف جنگ: کانگریس 31 مارچ کو کرے گی ملک گیر احتجاج

کانگریس کے جنرل سکریٹریوں اور انچاروں کا اجلاس دہلی میں منعقد ہوا، اس دوران فیصلہ لیا گیا کہ کانگریس پارٹی 31 مارچ کو مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاج کرے گی

کانگریس کا اجلاس / تصویر آئی اے این ایس
کانگریس کا اجلاس / تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کانگریس کے جنرل سکریٹریوں اور انچاروں کا اجلاس ہفتہ کے روز دہلی میں منعقد ہوا۔ اس اجلاس کے دوران فیصلہ لیا گیا کہ کانگریس پارٹی 31 مارچ کو مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاج کرے گی۔ احتجاج کے لئے ’تھالی بجاؤ، مہنگائی بھگاؤ‘ کا نعرے دیا گیا ہے۔

کئی گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس کے دوران جنرل سکریٹری برائے تنظیم کے سی وینوگوپال، انچارج یوپی اور جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی، کرناٹک کے انچارج اور جنرل سکریٹری رندیپ سنگھ سرجے والا، اویناش پانڈے، پی ایل پونیا، ہریش چودھری، اجے ماکن، شکتی سنگھ گوہل، طارق انور، اجئے کمار سمیت دیگر لیڈران موجود رہے۔


اجلاس کے حوالہ سے پرینکا گاندھی نے ٹوئٹ کر کے کہا کہ ’’کانگریس جنرل سکریٹریوں، ریاستوں کے انچارجوں کے اجلاس میں رکنیت کی مہم اور عوام کے مسائل پر تحریک کے حوالہ سے بحث میں اپنے خیالات پیش کریں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 31 مارچ کو مہنگائی کے خلاف کانگریس کی ملک گیر تحریک چلائی جائے گی، جس کے لئے تھالی بجاؤ، مہنگائی بھگاؤ کا نعرہ دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ 2-4 اپریل کو بلاک اور ضلعی سطح پر مظاہرہ کیا جائے گا۔ جبکہ 7 اپریل کو ریاستی راجدھانی میں مظاہرہ کیا جائے گا۔

اس میٹنگ میں کانگریس کی تمام ریاستوں کے انچارجوں نے اپنی ریاستوں کی رپورٹیں پیش کیں۔ کانگریس کی عبوری صدر سونیا گاندھی نے 26 مارچ کو پارٹی جنرل سکریٹریوں اور ریاستی انچارجوں کے ساتھ موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے میٹنگ کی تھی۔ اس اجلاس کی صدارت کانگریس جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے کی تھی۔


ان سب کے درمیان پارٹی کی عبوری صدر سونیا گاندھی حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور پارٹی لیڈروں سے موجودہ صورتحال کے حوالے سے میٹنگ کرنے کو کہا ہے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ اسی بنیاد پر ریاستوں میں نئے صدر کی تقرری اور تنظیم میں ردوبدل کیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔