جوشی مٹھ میں نیا بحران، جہاں زمین دھنسنے سے کھیتوں میں پڑیں تھیں دراڑیں، وہاں بنے اب بڑے گڈّھے

شہر میں گڈھوں کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ سب سے پہلے تھانے کے پیچھے میدان میں پہلا گڈھا نظر آیا۔ اس کے بعد منوہر باغ وارڈ میں ایک گڈھا نظر آیا۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر آئی اے این ایس</p></div>

تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

اتراکھنڈ میں لینڈ سلائیڈنگ سے متاثر جوشی مٹھ میں پریشانیاں تھمنے کا نام نہیں لے رہی ہیں۔ گزشتہ چند دنوں سے اگرچہ گھروں میں نئی ​​دراڑیں پڑنے کا معاملہ سامنے نہیں آیا ہے لیکن جن گھروں میں پہلے دراڑیں پڑی تھیں اب وہ ایک طرف جھک رہی ہیں۔ ساتھ ہی کھیتوں میں شگاف کی بجائے بڑے گڈھے بننا شروع ہو گئے ہیں جس سے مقامی لوگوں کی پریشانیوں میں اضافہ ہو گیا ہے۔

جوشی مٹھ قصبے کے سنگھ دھار وارڈ میں ہوٹل ماؤنٹ ویو اور ملاری کے پیچھے والے مکانات میں پہلے ہی دراڑیں پڑ چکی ہیں، لیکن اب دراڑیں بڑھنے لگی ہیں اور کچھ مکانات ایک طرف جھک رہے ہیں۔ انتظامیہ پہلے ہی اس علاقے کے خاندانوں کو میونسپلٹی اور گردوارہ میں قائم ریلیف کیمپوں میں پہلے ہی منتقل کر چکی ہے۔ مقامی رہائشی دگمبر سنگھ کا کہنا ہے کہ اب گھروں میں دراڑیں بہت بڑھ گئی ہیں، جس کی وجہ سے ان کا گھر ترچھا ہو گیا ہے۔ آفت سے متاثرہ دیپک کا کہنا ہے کہ گھر کے کالم آہستہ آہستہ اپنی اپنی جگہ جھوڑ رہے ہیں اور دراڑیں مسلسل بڑھ رہی ہیں۔


اس کے ساتھ ساتھ شہر میں زمینوں اور مکانوں میں دراڑیں پڑنے کے بعد زمین میں گڈھے پڑ گئے ہیں جو لوگوں کے لیے معمہ بنے ہوئے ہیں۔ تازہ معاملہ منوہر باغ وارڈ کے ستی محلے کا ہے۔ یہاں وجے ستی کے گھر کے نیچے ایک گڈھا بن گیا ہے۔ وجے کا کہنا ہے کہ پہلے یہ گڈھا چھوٹا تھا، لیکن یہ آہستہ آہستہ بڑا ہوتا جا رہا ہے۔ انتظامیہ پہلے ہی یہاں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر چکی ہے۔

جوشی مٹھ کی ایس ڈی ایم کم کم جوشی نے کہا کہ جہاں کھیتوں میں دراڑیں ہیں وہیں کئی مقامات پر گڈھے ہیں، سی بی آر آئی کی ٹیکنیکل ٹیم روی گرام سمیت دیگر مقامات پر پڑے گڈھوں کا سروے کر رہی ہے۔ سنگھ دھار وارڈ کو پہلے ہی غیر محفوظ قرار دے دیا گیا ہے، یہاں لینڈ سلائیڈنگ کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ یہاں کے آفات سے متاثرہ لوگوں کو پہلے ہی ریلیف کیمپوں میں بھیج دیا گیا ہے۔


بتادیں کہ شہر میں گڈھوں کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اسی طرح کے گڈھے یہاں دیگر مقامات پر بھی بن چکے ہیں۔ پہلا گڈھا تھانے کے پیچھے میدان میں نمودار ہوا تھا۔ اس کے بعد منوہر باغ وارڈ میں ایک گڈھا نظر آیا۔ اس کے ساتھ ہی راوی گرام کے کوٹھیلا علاقے میں بھی گڈھا بن گیا ہے۔ پہلے ہر جگہ ایک چھوٹا سا گڈھا بن رہا ہے۔ بعد میں وہ بڑا ہو رہا ہے۔ مختلف مقامات پر بننے والے ان گڈھوں نے مقامی لوگوں کی پریشانیوں میں اضافہ کر دیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔