نیپال طیارہ حادثہ: حادثے کے وقت چار دوست فیس بک پر تھے لائیو، دیکھیں دردناک ویڈیو

حادثے کا شکار ہونے والے یتی ایئر لائنز کے طیارے میں سوار چار مسافر طیارے کے گرنے سے چند منٹ قبل اپنے تجربات شیئر کرنے کے لیے فیس بک پر لائیو تھے۔ چاروں مسافر اتر پردیش کے غازی پور کے رہنے والے تھے۔

<div class="paragraphs"><p>نیپال طیارہ حادثہ</p></div>

نیپال طیارہ حادثہ

user

قومی آوازبیورو

اتوار کو نیپال کے پوکھرا میں گر کر تباہ ہونے والے یتی ایئر لائنز کے طیارے میں سوار چار مسافر طیارے کے گرنے سے چند منٹ قبل اپنا تجربہ شیئر کرنے کے لیے فیس بک پر لائیو تھے۔ چاروں مسافر اتر پردیش کے غازی پور کے رہنے والے تھے۔ فیس بک پر 1.3 منٹ کی لائیو ویڈیو میں، ان میں سے ایک کو پرجوش انداز میں موج کر دی کا نعرہ لگاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے کیونکہ کیمرہ نیچے پوکھرا شہر پر مرکوز ہے۔

فون کا کیمرہ ان میں سے ایک سونو جیسوال (29) پر بھی مرکوز کرتا ہے۔ تاہم 58 سیکنڈ کے بعد ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ طیارہ بائیں جانب ایک تیز موڑ لیتا ہے اور پھر گر کر تباہ ہو جاتا ہے اور شعلوں میں تبدیل ہو جاتا ہے۔ اگلے 30 سیکنڈ تک کیمرے نے آس پاس کے شعلوں کو ریکارڈ کر لیا۔ غازی پور کے بریسر کے یہ چار مسافر ان پانچ ہندوستانیوں میں شامل تھے جو 68 دیگر مسافروں کے ساتھ اس حادثے میں ہلاک ہوئے تھے۔


سونو جیسوال 29، انیل راج بھر 28، وشال شرما 23، ابھیشیک سنگھ کشواہا 23، 13 جنوری کو کھٹمنڈو پہنچے تھے اور پشوپتی ناتھ مندر میں پوجا ادا کرنے کے بعد پیرا گلائیڈنگ کے لیے پوکھرا جا رہے تھے۔ غازی پور ضلع کے بریسر اور نونہارا علاقوں کے گاؤں میں اتوار کو کہرام مچ گیا۔ آپ کو بتا دیں، سونو جیسوال شراب کا کاروبار کرتے تھے، جب کہ انیل راج بھر اور ابھیشیک کشواہا غازی پور کے ظہور آباد اور الاولپور میں عوامی خدمت مراکز چلاتے تھے۔ وشال شرما ایک ٹو وہیلر ایجنسی میں فائنانس آفیسر تھا۔

یہ سونو کی فیس بک پروفائل تھی جہاں ویڈیو لائیو تھا، اس کی تصدیق اس کے چچرے بھائی رجت جیسوال نے کی ہے۔ رجت نے کہا، سونو پوکھرا جانے کے بعد فیس بک پر لائیو تھا۔ لائیو اسٹریمنگ سے پتا چلا کہ کہ سونو اور اس کے ساتھی خوش مزاج تھے، حالانکہ لائیو سلسلہ بند ہونے سے پہلے اچانک شعلے نمودار ہوئے۔ انہیں غازی پور ضلع مجسٹریٹ دفتر کے ذریعہ نیپال طیارہ حادثے میں ضلع کے چار لوگوں کی موت کے بارے میں مطلع کیا۔


بریسر کے ایس ایچ او دیویندر پرتاپ سنگھ نے بتایا کہ انہوں نے چاروں کی شناخت کی تصدیق کی ہے اور پھر انل راج بھر کے گھر جا کر ان کے والد رام دھرس سے ملاقات کی۔ پرتاپ سنگھ نے کہا، رام دھرس نے ہمیں بتایا کہ چاروں انیل، ابھیشیک، وشال اور سونو 13 جنوری کو نیپال کے لیے روانہ ہوئے تھے اور انھوں نے ایک ہفتہ قیام کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔ سرکل آفیسر، قاسم آباد، بلرام سنگھ نے کہا کہ انہوں نے ایس ڈی ایم کے ساتھ چاروں نوجوانوں کے گھروں کا دورہ کیا اور ان کی لاشیں واپس لانے میں ان کے اہل خانہ کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ نیپال میں اتوار کی صبح ایک بڑا طیارہ حادثہ پیش آیا۔ یتی ایئر لائنز کے طیارے ATR-72 میں 68 مسافر سوار تھے جن میں 5 ہندوستانی اور 4 عملے کے ارکان تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔