آرین خان ڈرگس معاملے کی جانچ اب این سی بی ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل سنجے سنگھ کریں گے

نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل سنجے سنگھ کی قیادت میں نوتشکیل خصوصی جانچ ٹیم نے ہفتہ کو ممبئی زونل دفتر میں درج آرین خان سمیت 6 ڈرگس معاملوں کی جانچ شروع کی۔

آرین خان، تصویر آئی اے این ایس
آرین خان، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل سنجے سنگھ کی قیادت میں نو تشکیل خصوصی جانچ ٹیم (ایس آئی ٹی) نے ہفتہ کے روز ممبئی زونل دفتر میں درج آرین خان سمیت 6 ڈرگس معاملوں کی جانچ شروع کی۔ سنجے سنگھ 1996 بیچ کے آئی پی ایس افسر ہیں۔ وہ ان سبھی چھ معاملوں کی جانچ کا ذمہ سنبھالیں گے، جو پہلے مقامی ڈائریکٹر سمیر وانکھیڈے کی قیادت میں 2 اکتوبر کی کروز شپ پارٹی چھاپہ ماری میں شامل ہیں۔ اس معاملے میں بالی ووڈ میگا اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان کو گرفتار کیا گیا تھا۔ا

ین سی بی نے جمعہ کو ان معاملوں کی جانچ کے لیے سنجے سنگھ کی صدارت میں ایک ایس آئی ٹی تشکیل دی تھی۔ وانکھیڈے کے خلاف رشوت اور جبراً وصولی کے مبینہ الزامات کی جانچ شروع کی گئی تھی، جس کے ایک ہفتے بعد انھیں جانچ ٹیم سے ہٹا دیا۔ جمعہ کو جاری این سی بی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ این سی بی ہیڈکوارٹر کے برانچ افسران کی ایک ایس آئی ٹی کی تشکیل این سی بی کے ممبئی علاقائی یونٹ سے کُل چھ معاملوں کو سنبھالنے کے لیے کی گئی ہے۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کسی بھی افسر کو ان کے موجودہ کرداروں سے نہیں ہٹایا گیا ہے اور جب تک اس کے برعکس کوئی خصوصی حکم جاری نہیں کیا جاتا ہے، تب تک وہ ضرورت کے مطابق برانچ کی جانچ میں مدد کرنا جاری رکھیں گے۔


واضح رہے کہ مہاراشٹر کے کابینہ وزیر نواب ملک اور وانکھیڈے کے درمیان گزشتہ ایک مہینے سے الزامات در الزامات کا دور چل رہا ہے۔ این سی پی لیڈر نے این سی بی ممبئی کے سربراہ کے تعلق سے چونکانے والے انکشافات کیے۔ اس کے علاوہ ایک گواہ کے ذریعہ ایک حلف نامہ میں ان پر جبراً وصولی کا الزام بھی لگایا گیا۔ بی جے پی کے سیاسی لیڈروں اور جہاز پر چھاپہ ماری وغیرہ کے دوران مبینہ طور پر جرائم پیشوں کو شامل کیے جانے کے بھی الزامات لگائے گئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔