’نریندر مودی نے جھوٹ بولا، انھیں بہاری عوام سے معافی مانگنی چاہیے‘، کانگریس کا وزیر اعظم پر شدید حملہ

کانگریس جنرل سکریٹری اویناش پانڈے نے کہا کہ ’’آج بہار میں لوگ ناامیدی کا شکار ہیں۔ نوجوان بے روزگار ہیں، وہ اپنے کنبوں کی کوئی مدد نہیں کر پا رہے، کیونکہ ان کے پاس ملازمت نہیں ہے۔‘‘

پی ایم مودی، تصویر یو این آئی
i
user

قومی آواز بیورو

بہار اسمبلی انتخاب کے پہلے مرحلہ کی پولنگ چھٹھ کے فوراً بعد 6 نومبر کو ہونی ہے۔ چونکہ بہار میں چھٹھ کا تہوار بڑے تزک و احتشام کے ساتھ منایا جاتا ہے، اس لیے مختلف ریاستوں میں کام کرنے والے بہار کے باشندے بڑی تعداد میں اپنے گھر پہنچ رہے ہیں۔ اس سے ٹرینوں میں زبردست بھیڑ دیکھنے کو مل رہی ہے اور مرکزی حکومت کی انتظامی ناکامی بھی ظاہر ہو گئی ہے۔ نتیجہ یہ ہے کہ بہار اسمبلی انتخاب میں این ڈی اے کو اس کا نقصان پہنچتا دکھائی دے رہا ہے۔ عوام بے حد ناراض ہے اور اپوزیشن پارٹیاں بھی مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنا رہی ہیں۔ کانگریس جنرل سکریٹری اویناش پانڈے نے آج اس سلسلے میں ایک پریس کانفرنس کر وزیر اعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی ناکامیوں کے لیے عوام سے معافی مانگیں۔

پریس کانفرنس میں کانگریس لیڈر نے کہا کہ ’’مودی حکومت نے واہ واہی لوٹنے کے لیے اعلان کیا کہ ہم چھٹھ تہوار کے لیے تقریباً 12000 ٹرینیں چلا رہے ہیں تاکہ لوگ آسانی سے گھر جا سکیں۔ انتخاب کے وقت ووٹ لینے کے لیے ایسا اعلان کیا گیا، لیکن حقیقت یہ ہے کہ ملک بھر میں مجموعی ٹرینوں کی تعداد ہی 13452 ہے۔ یعنی نریندر مودی نے سرعام جھوٹ بولا اور بہاری باشندوں کی بے عزتی کی۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’ہم سبھی لوگوں کو پریشان ہوتا دیکھ رہے ہیں۔ لوگ اپنے گھر والوں کے ساتھ ریل گاڑیوں میں زبردست بھیڑ سے مقابلہ کر گھر لوٹے۔ کوئی فرش پر بیٹھا رہا، کوئی ٹوائلٹ میں بیٹھ کر آیا۔ یہ دل دکھانے والی تصویریں ہیں، جس کے لیے نریندر مودی کو بہاری عوام سے معافی مانگنی چاہیے، کیونکہ انھوں نے جھوٹ بولا، انھیں ٹھگا۔‘‘


اویناش پانڈے نے بہار میں بڑھتی بے روزگاری اور مہنگائی کے معاملہ پر بھی بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ ’’آج بہار میں لوگ ناامیدی کے شکار ہیں۔ ریاست میں نوجوان بے روزگار ہیں، وہ اپنے کنبوں کی کوئی مدد نہیں کر پا رہے ہیں، کیونکہ ان کے پاس ملازمت نہیں ہے۔ عوام مہنگائی سے بے حال ہے۔‘‘ وہ اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’’بہار کے 3 کروڑ سے زیادہ لوگ ملازمت کے لیے ہجرت کر چکے ہیں اور اب وہ چھٹھ تہوار کے لیے لوٹنا چاہ رہے ہیں، تو سخت تکلیف کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ہماری حکومت سے اپیل ہے کہ وہ لوگوں کی بنیادی سہولیات کا خیال رکھیں، تاکہ لوگ آسانی سے اپنے گھروں تک پہنچ سکیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔