نریندر مودی اور الیکشن کمیشن نے بہار میں جم کر ووٹ چوری کی: الکا لامبا

الکا لامبا نے کہا کہ ’’بہار کے جن 6 اضلاع میں سب سے زیادہ خواتین کے نام ووٹر لسٹ سے حذف کیے گئے، سال 2020 کے اسمبلی انتخاب کے اعداد وشمار پر نظر ڈالیں تو وہاں انڈیا بلاک نے 25 سیٹیں جیتی تھیں۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>پریس کانفرنس کے دوران&nbsp;کانگریس خواتین صدر الکا لامبا</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

ووٹ چوری کے معاملے ملکی سطح پر روز بہ روز پھیلتے جا رہے ہیں۔ آئے دن اپوزیشن پارٹی کانگریس کی جانب سے ووٹ چوری کے نئے نئے ثبوت پیش کیے جا رہے ہیں۔ اسی سلسلہ کو آگے بڑھاتے ہوئے کانگریس خواتین صدر الکا لامبا نے اب آئندہ بہار اسمبلی انتخاب سے قبل بی جے پی پر ووٹ چوری کا الزام عائد کیا ہے۔ الکا لامبا نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ نریندر مودی اور الیکشن کمیشن نے بہار میں جم کر ووٹ چوری کی ہے۔ ووٹ چوری کے یہ کارنامے الکیشن کمیشن کے ذریعہ جاری فائنل ووٹر لسٹ میں سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ جموئی میں ایک ہی گھر کے پتے پر 247 ووٹر رجسٹر کر دیے گئے۔ مظفرپور میں ایک شخص کا نام ووٹر لسٹ میں 3 بار درج ہے اور فائنل لسٹ آنے کے بعد بھی ووٹر لسٹ میں مردہ لوگوں کے نام درج ہیں۔ یہ کچھ ایسے معاملے ہیں جو سامنے آئے ہیں، لیکن دھوکہ دہی کی فہرست کافی لمبی ہے۔ نریندر مودی اور الیکشن کمیشن بہار میں ووٹ چوری کر لوگوں کا حق، روزگار اور ان کا مستقبل چوری کرنا چاہتے ہیں۔ لیکن وہ یاد رکھیں کہ بہار کے لوگ ووٹ چوری نہیں ہونے دیں گے اور انتخاب میں سخت سبق سکھائیں گے۔

الکا لامبا نے کہا کہ نریندر مودی اور امت شاہ کے اشارے پر الیکشن کمیشن کے ذریعہ بہار ایس آئی آر کے نام پر بڑے پیمانے پر فراڈ کیا جا رہا ہے۔ کانگریس لیڈر کے مطابق بہار میں تقریباً 3.5 کروڑ خواتین ووٹرس ہیں، لیکن قریب 23 لاکھ خواتین کے نام ووٹر لسٹ سے حذف کر دیے گئے ہیں۔ یہ خواتین آئندہ اسمبلی انتخاب میں ووٹ نہیں دے پائیں گی۔ ہمارا ماننا ہے کہ یہ فیصلہ آئین کے خلاف ہے۔ بہار کے جن 6 اضلاع میں لاکھوں خواتین کے نام ووٹر لسٹ سے حذف کیے گئے ہیں، ان میں گوپال گنج، سارن، بیگوسرائے، سمستی پور، بھوجپور اور پورنیہ حلقہ اسمبلی شامل ہے۔


الکا لامبا کا کہنا ہے کہ بہار کے جن 6 اضلاع میں سب سے زیادہ خواتین کے نام ووٹر لسٹ سے حذف کیے گئے ہیں، ان میں تقریباً 60 اسمبلی سیٹیں آتی ہیں۔ سال 2020 کے اسمبلی انتخاب کے اعداد وشمار پر نظر ڈالیں تو یہاں انڈیا بلاک نے 25 سیٹیں جیتی تھی اور کئی سیٹوں پر قریبی مقابلہ ہوا تھا۔ اب الیکشن کمیشن نے ایس آئی آر کے نام پر انہیں سیٹوں پر بڑے پیمانے پر فراڈ کیا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ بہار میں تقریباً 23 لاکھ خواتین اور 15 لاکھ مردوں کے نام ووٹر لسٹ سے حذف کر دیے گئے۔ الکا لامبا نے یہ بھی کہا کہ کانگریس پارٹی پورے ملک میں اسی ووٹ چوری کے خلاف دستخط مہم چلا رہی ہے، جس میں ہم 5 کروڑ دستخط اکٹھے کریں گے۔

کانگریس خواتین صدر نے کہا کہ بہار میں لاکھوں خواتین ووٹرس کے ووٹ حذف کر دیے گئے، ایسے میں ہمارا سوال ہے:

  • جب انہیں خواتین نے گزشتہ سال لوک سبھا انتخاب میں ووٹ ڈالے تھے، تو کیا تب بھی یہ ووٹ فرضی تھے؟

  • کیا انہیں فرضی ووٹ سے رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئے، پوری حکومت تشکیل پائی؟

آج آخری وقت میں نام شامل کرنے اور حذف کرنے کی سازش چل رہی ہے، لیکن ہم اس کا پردہ فاش ضرور کریں گے۔


الکا لامبا نے وزیر اعظم کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی ایک طرف بہار میں انتخاب کو متاثر کرنے لیے خواتین کے کھاتوں میں پیسے ڈال رہے ہیں۔ دوسری طرف انہوں نے الیکشن کمیشن کے ساتھ مل کر بہار کی تقریباً 23 لاکھ خواتین کے نام ووٹر لسٹ سے حذف کر دیے۔ کانگریس لیڈر کے مطابق نریند مودی نے ٹارگیٹ کر خواتین کے ووٹ حذف کیے ہیں اور ان کے حقوق بھی صلب کر لیے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا نریندر مودی اور الیکشن کمیشن خواہ کتنی بھی کوشش کر لیں، ہم بہار میں ووٹ چوری نہیں ہونے دیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔