ناردا اسٹنگ: فرہاد حکیم اور سبرت مکھرجی سمیت آج صبح گرفتار سبھی 4 لیڈروں کو ملی ضمانت

سی بی آئی نے آج صبح ہی فرہاد حکیم، سبرت مکھرجی، مدن مترا اور مشرقی کولکاتا کے میئر شوبھن چٹرجی کو گرفتار کیا تھا، لیکن سی بی آئی عدالت نے ان سبھی کو ضمانت پر رِہا کرنے کا فیصلہ سنا دیا۔

عدالت، علامتی تصویر
عدالت، علامتی تصویر
user

تنویر

آج صبح سی بی آئی نے ناردا اسٹنگ معاملہ میں مغربی بنگال کے 2 وزراء سمیت ریاست کی برسراقتدار ترنمول کانگریس کے چار لیڈروں کو گرفتار کیا تھا، لیکن سی بی آئی عدالت نے ان چاروں کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم صادر کر دیا ہے۔ سی بی آئی نے فرہاد حکیم، سبرت مکھرجی، مدن مترا اور مشرقی کولکاتا کے میئر شوبھن چٹرجی کو گرفتار کیا تھا۔

غورطلب ہے کہ ناردا کیس میں ممتا حکومت کے وزراء اور لیڈروں کی گرفتاری کے بعد کولکاتا کے نظام پیلیس سی بی آئی دفتر کے باہر دوپہر کو ٹی ایم سی حامیوں کا زبردست ہنگامہ دیکھنے کو ملا۔ خود وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی وہاں پہنچ کر سی بی آئی سے انھیں گرفتار کرنے کو کہا۔ حالانکہ چھ گھنٹے کے بعد وہاں سے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی یہ کہتے ہوئے لوٹ گئیں کہ عدالت اس معاملے پر اپنا فیصلہ سنائے گی اور انھیں امید ہے کہ انصاف ہوگا۔


واضح رہے کہ آج صبح سی بی آئی نے چاروں لیڈروں کو ناردا اسٹنگ گھوٹالے میں گرفتار کیا تھا۔ ناردا ٹیپ سال 2016 میں جاری کیا گیا تھا۔ سی بی آئی ترجمان آر سی جوشی نے گرفتاری کے تعلق سے بتایا تھا کہ ترنمول کانگریس حکومت کے چار اراکین کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اس کے بعد ٹی ایم سی حامیوں نے نظام پیلیس کے باہر زبردست مظاہرہ کیا۔ اس کے بعد سی بی آئی نے اضافی سنٹرل فورس کا مطالبہ کیا کیونکہ مظاہرین نظام پیلیس کے بیریکیڈس کو توڑنے کی کوشش کر رہے تھے۔ مظاہرین فوراً ٹی ایم سی لیڈروں کی رہائی کا مطالبہ کر رہے تھے۔ سبھی مظاہرین بی جے پی اور گورنر جگدیپ دھنکھڑ کے خلاف نعرے بھی لگا رہے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */