ناگپور پنچایت سمیتی الیکشن: 13 سیٹ میں سے بی جے پی کو ایک پر بھی نہیں ملی کامیابی، 9 سیٹ کے ساتھ کانگریس کا پرچم لہرایا

کانگریس نے ساونیر، کلمیشور، پارشیونی، کامٹھی، مودا، کوہی، امریڈ، بھیواپور، ناگپور میں پنچایت سمیتی کے چیئرپرسن عہدہ پر قبضہ کر لیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

مہاراشٹر کے ضلع ناگپور میں پنچایت سمیتی الیکشن کے ریزلٹ نے بی جے پی کو زوردار جھٹکا دیا ہے۔ 13 سیٹوں پر ہوئے پنچایت سمیتی چیئرپرسن کے الیکشن میں بی جے پی ایک پر بھی کامیابی حاصل نہیں کر سکی ہے، اور اس کے ساتھ ریاستی حکومت میں شامل ایکناتھ شندے کی شیوسینا کو محض ایک سیٹ پر اکتفا کرنا پڑا ہے۔ ناگپور پنچایت سمیتی الیکشن میں کانگریس نے کامیابی کا پرچم لہرایا ہے اور اس کی کارکردگی نے ایک طرح سے سبھی کو حیران کر کے رکھ دیا ہے۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق 13 چیئرپرسن کے عہدوں میں سے کانگریس نے 9 پر کامیابی حاصل کر اپنی مضبوط گرفت کو ظاہر کر دیا ہے۔ ساتھ ہی این سی پی (نیشنلسٹ کانگریس پارٹی) کو بھی 3 سیٹوں پر کامیابی ملی ہے۔ یعنی مہاوکاس اگھاڑی کا حصہ رہنے والی دو پارٹیوں نے ہی مجموعی طور پر 12 چیئرپرسن کے عہدے پر قبضہ کر لیا ہے۔ یہ نہ صرف بی جے پی کے لیے، بلکہ وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی گروپ والی شیوسینا پارٹی کے لیے بھی زوردار جھٹکا تصور کیا جا رہا ہے۔


سوشل میڈیا پلیٹ فارمس پر بی جے پی کی اس زبردست ناکامی کا خوب ڈھنڈورا پیٹا جا رہا ہے۔ کچھ ایسے پوسٹس سامنے آئے ہیں جس میں بی جے پی کے زوال کو ان کی غلط سیاسی پالیسیوں کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔ بہرحال، سبھی 13 سیٹوں پر نتیجہ برآمد ہونے کے بعد اس سے متعلق تفصیل بھی سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہے۔ اس میں بتایا گیا ہے کہ کانگریس نے ساونیر، کلمیشور، پارشیونی، کامٹھی، مودا، کوہی، امریڈ، بھیواپور، ناگپور میں پنچایت سمیتی کے چیئرپرسن عہدہ پر قبضہ کر لیا ہے۔ این سی پی نے کاٹول، نرکھیڈ اور ہنگنا میں اپنا پرچم لہرایا ہے۔ شندے کی شیوسینا نے صرف رامٹیک میں کامیابی حاصل کی اور کسی طرح اپنی عزت بچا لی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔