ناگالینڈ اسمبلی انتخاب میں رقم ہوئی نئی تاریخ، ہیکانی جکھالو نے پہلی خاتون رکن اسمبلی بننے کا سہرا حاصل کیا

ناگالینڈ کو الگ ریاست کا درجہ ملنے کے 60 سال بعد تک کوئی خاتون رکن اسمبلی نہیں ملی تھی، لیکن آج ہیکانی جکھالو نے جیت حاصل کر ریاست کی پہلی خاتون رکن اسمبلی ہونے کا سہرا حاصل کر لیا۔

<div class="paragraphs"><p>ہیکانی جکھالو، تصویر بشکریہ&nbsp;<a href="https://twitter.com/NDPPofficial">@NDPPofficial</a></p></div>

ہیکانی جکھالو، تصویر بشکریہ@NDPPofficial

user

قومی آوازبیورو

ناگالینڈ میں بی جے پی اتحاد بہ آسانی حکومت بناتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔ لیکن اس درمیان ریاست میں ایک نئی تاریخ رقم کی گئی ہے۔ پہلی بار ریاست میں کوئی خاتون امیدوار اسمبلی انتخاب میں کامیاب ہوئی ہے۔ اس خاتون کا نام ہیکانی جکھالو ہے جو کہ بی جے پی اتحاد میں شامل پارٹی این ڈی پی پی کی امیدوار ہیں۔ وہ دیماپور-3 سیٹ سے انتخابی میدان میں کھڑی ہوئی تھیں۔

قابل ذکر ہے کہ ناگالینڈ کو الگ ریاست کا درجہ ملنے کے 60 سال بعد تک کوئی خاتون رکن اسمبلی نہیں ملی تھی۔ لیکن آج جب ووٹوں کی گنتی چل رہی تھی تو ہیکانی جکھالو نے جیت حاصل کر ریاست کی پہلی خاتون رکن اسمبلی ہونے کا سہرا حاصل کر لیا۔ پیشہ سے وکیل ہیکانی جکھالو نے ایل جے پی (رام ولاس) کی اجیتو جمومی کو 1536 ووٹوں سے شکست دی۔


دلچسپ بات یہ ہے کہ جکھالو کے بعد مزید ایک خاتون امیدوار نے جیت کا پرچم لہرایا ہے۔ ناگالینڈ اسمبلی کے لیے منتخب دوسری خاتون امیدوار کا نام سلہوتونو کروسے ہے۔ انھوں نے مغربی انگامی سیٹ سے جیت کا پرچم لہرایا ہے۔ کروسے نے آزاد امیدوار کینیجاکھو نکھرو کو محض 12 ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔

واضح رہے کہ ناگالینڈ میں مجموعی طور پر 13 لاکھ 17 ہزار 632 ووٹرس ہیں جن میں خاتون ووٹرس کی تعداد 6 لاکھ 56 ہزار 143 ہے۔ یہ مجموعی ووٹرس کا تقریباً 50 فیصد ہے۔ اس کے باوجود تازہ اسمبلی انتخاب سے پہلے کبھی بھی خاتون امیدوار کامیاب نہیں ہوئیں۔ ویسے ناگالینڈ میں پہلی بار 1977 میں رانو میسے شاذیہ لوک سبھا رکن منتخب ہوئی تھیں۔ وہ یونائٹیڈ ڈیموکریٹک پارٹی سے تھیں۔ علاوہ ازیں بی جے پی نے گزشتہ سال ایک خاتون کو راجیہ سبھا بھیجا تھا جن کا نام ایس پھانگنون کونیاک ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔