’ایمس کا 95 فیصد کام مکمل ہو گیا‘، بی جے پی صدر نڈا کے بیان کی کانگریس رکن پارلیمنٹ نے کھول دی قلعی

کانگریس رکن پارلیمنٹ منکم اور سی پی ایم رکن پارلیمنٹ گنیشن نے ایمس والی جگہ پہنچ کر سوال کیا کہ ایمس کا کام کہاں پورا ہوا ہے؟ تصویر میں دکھایا گیا ہے کہ وہاں ایک اینٹ بھی نہیں رکھی گئی ہے۔

تصویر ٹوئٹر@manickamtagore
تصویر ٹوئٹر@manickamtagore
user

قومی آوازبیورو

22 ستمبر یعنی جمعرات کی بات ہے جب بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈّا نے تمل ناڈو واقع مدورئی میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مدورئی ایمس کا کام 95 فیصد مکمل ہو جانے کا دعویٰ کیا تھا۔ اب اس معاملے میں کانگریس رکن پارلیمنٹ منکم ٹیگور نے کچھ ایسی تصاویر شیئر کی ہیں جس نے بی جے پی صدر کے دعوے کی پوری طرح قلعی کھول کر رکھ دی ہے۔ تصاویر میں دکھایا گیا ہے کہ جے پی نڈّا نے جس مدورئی ایمس کا کام 95 فیصد مکمل ہو جانے کا دعویٰ کیا ہے، اس کا تو ابھی کام شروع بھی نہیں ہوا ہے۔ تصویروں میں اس جگہ کو دکھایا بھی گیا ہے جہاں تعمیری کام کا کوئی نام و نشان نہیں۔

دراصل مدورئی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے جے پی نڈا نے کہا تھا کہ ایمس کے قیام سے متعلق 95 فیصد کام پورا ہو چکا ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی جلد ہی اسے عوام کے سپرد کریں گے۔ انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ایمس پروجیکٹ کے لیے مودی حکومت کے ذریعہ 1264 کروڑ روپے الاٹ کیا جا چکا ہے۔ اتنا ہی نہیں، مدورئی ایمس کے لیے 164 کروڑ روپے اضافی دیئے گئے ہیں تاکہ 150 بستروں والا متعدی امراض کا بلاک بھی ایمس کے اندر قائم کیا جا سکے۔


جے پی نڈا کے بیانات کو پیش نظر رکھتے ہوئے کانگریس کے ویلوپورم سے رکن پارلیمنٹ منکم ٹیگور اور سی پی ایم کے مدورئی سے رکن پارلیمنٹ ونکٹیشن مبینہ طور پر اسی جگہ پر پہنچ گئے جہاں ایمس بنائے جانے کا دعویٰ کیا گیا۔ دونوں اراکین پارلیمنٹ نے وہاں پہنچ کر سوال کیا کہ ایمس کا کام کہاں پورا ہوا ہے؟ تصاویر میں دکھایا گیا ہے کہ وہاں ایک اینٹ بھی نہیں رکھی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔