انکتا بھنڈاری قتل معاملہ: کلیدی ملزم کے والد اور بھائی کو بی جے پی نے پارٹی سے نکالا، بی جے پی رکن اسمبلی کے خلاف مظاہرہ

انکتا بھنڈاری قتل معاملہ سے لوگوں میں غصہ لگاتار بڑھتا جا رہا ہے، مقامی لوگوں کے ذریعہ بی جے پی رکن اسمبلی رینو بشٹ کی کار کے ساتھ توڑ پھوڑ کیے جانے کی خبریں بھی سامنے آ رہی ہیں۔

انکتا بھنڈاری، تصویر آئی اے این ایس
انکتا بھنڈاری، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

اتراکھنڈ میں پیش آئے انکتا بھنڈاری قتل معاملہ میں بی جے پی کو بہت سبکی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ریاستی حکومت نے حالانکہ ملزمین کے خلاف سخت کارروائی شروع کر دی ہے، لیکن لوگوں میں اس بات کو لے کر کافی غصہ ہے کہ بار بار ریسورٹ سے متعلق شکایت کے باوجود بی جے پی لیڈر ونود آریہ کے بیٹے پلکت آریہ (انکتا بھنڈاری قتل معاملہ کا ملزم) کے خلاف کارروائی نہیں ہوئی، ورنہ انکتا آج زندہ ہوتی۔

انکتا بھنڈاری قتل معاملہ میں پارٹی کا نام خراب ہوتا دیکھ کر بی جے پی نے پلکت آریہ کے والد ونود آریہ اور اس کے بھائی انکت آریہ کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان کر دیا ہے۔ ان دونوں کو ہی پارٹی سے فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔ بی جے پی ریاستی صدر مہندر بھٹ نے اس کارروائی سے متعلق جانکاری دی۔ حکومت نے اتراکھنڈ او بی سی کمیشن کے ڈپٹی چیئرمین عہدہ سے بھی انکت آریہ کو ہٹا دیا ہے۔


اس درمیان انکتا بھنڈاری قتل معاملہ سے لوگوں میں غصہ لگاتار بڑھتا جا رہا ہے۔ مقامی لوگوں نے بی جے پی لیڈر ونود آریہ کے بیٹے پلکت آریہ کے ریسورٹ کو نذرِ آتش بھی کر دیا ہے۔ اتنا ہی نہیں، مقامی لوگوں نے بی جے پی رکن اسمبلی رینو بشٹ کے خلاف بھی احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔ ان کی کار کے ساتھ توڑ پھوڑ کیے جانے کی خبریں بھی سامنے آ رہی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کی سیکورٹی میں رکن اسمبلی کو وہاں سے نکالا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */