مدھیہ پردیش: ایک خاتون نے بی جے پی لیڈر پر عائد کیا ملازمت کا جھانسہ دے کر عصمت دری کرنے کا الزام

متاثرہ خاتون کا الزام ہے کہ جب وہ جبلپور میں ملازمت کے لیے سرکاری دفاتر کے چکر لگا رہی تھی، اسی دوران اس کی ملاقات بی جے پی لیڈر ششی کانت سونی سے ہوئی۔

علامتی تصویر، آئی اے این ایس
علامتی تصویر، آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

مدھیہ پردیش کے ایک بی جے پی لیڈر پر عصمت دری کا سنسنی خیز الزام عائد کیا گیا ہے۔ راجدھانی بھوپال کے ٹی ٹی نگر تھانہ واقع جبل پور کی رہنے والی ایک خاتون نے یہ الزام عائد کیا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ بی جے پی لیڈر اسے ملازمت کا جھانسہ دے کر بھوپال لایا اور یہاں کار میں عصمت دری کا واقعہ انجام دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فی الحال بی جے پی لیڈر فرار ہے جس کی تلاش کی جا رہی ہے۔

اس معاملے پر ایڈیشنل ڈی سی پی زون-1 سوم ونشی نے بتایا کہ جبلپور کے مقامی بی جے پی لیڈر ششی کانت سونی کے خلاف ایک خاتون نے عصمت دری کا معاملہ درج کرایا ہے۔ متاثرہ کا الزام ہے کہ جب وہ جبلپور میں ملازمت کے لیے سرکاری دفاتر کے چکر لگا رہی تھی، اسی دوران اس کی ملاقات بی جے پی لیڈر ششی کانت سونی سے ہوئی۔ ششی کانت سونی نے خاتون کو بھروسہ دلایا کہ وہ اس کی سرکاری ملازمت لگوا دے گا۔


بتایا جاتا ہے کہ رواں سال مئی ماہ میں ششی کانت سونی خاتون کو بھوپال لے گیا۔ دیر شام راجدھانی کے ٹی ٹی نگر اسٹیڈیم کے پاس تاریکی کا فائدہ اٹھا کر اس نے کار میں ہی خاتون کے ساتھ عصمت دری کا واقعہ انجام دیا۔ خاتون کا الزام ہے کہ ملزم نے اس سے تقریباً دو لاکھ روپے بھی ملازمت لگوانے کے نام پر لیے۔

’آج تک‘ پر شائع رپورٹ کے مطابق جمعرات کو متاثرہ خاتون نے بھوپال پہنچ کر ملزم بی جے پی لیڈر ششی کانت سونی کے خلاف عصمت دری کا یہ مقدمہ درج کروایا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں ملزم کی تلاش کی جا رہی ہے، گرفتاری کے بعد آگے کی قانونی کارروائی کی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔