وزیر اعظم کو میرا مشورہ ہے کہ وہ ’اپمان منترالے‘ نام سے ایک وزارت بنا دیں: پرینکا گاندھی

پرینکا گاندھی نے کہا کہ وزیر اعظم فہرست بناتے رہتے ہیں کہ اس نے مجھے گالی دی، اس نے بے عزتی کی، وہ اپنا وقت کیوں ضائع کر رہے ہیں؟ یہ کام ’اپمان منترالے‘ کر دے گا۔

<div class="paragraphs"><p>سمستی پور کے روسڑا میں روڈ شو کرتی ہوئیں پرینکا گاندھی، تصویر&nbsp;<a href="https://x.com/priyankagandhi">@priyankagandhi</a></p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

بہار میں انتخابی سرگرمیاں اپنے عروج پر ہیں۔ آج کانگریس جنرل سکریٹری اور رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی نے ریاست کے سونبرسا اور لکھی سرائے میں انتخابی جلسوں کو خطاب کرنے کے ساتھ ساتھ روسڑا میں روڈ شو بھی کیا۔ اس دوران وہ مہاگٹھ بندھن امیدواروں کی حمایت میں عوام سے ووٹ کی اپیل کرتی دکھائی دیں۔ آج صبح سونبرسا میں تو پرینکا گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر انتہائی تلخ انداز میں حملہ کیا، جو کہ طنزیہ بھی تھا۔ انھوں نے کہا کہ ’’میں وزیر اعظم کو ایک مشورہ دینا چاہتی ہوں۔ ایک نئی وزارت بنا دیں ’اپمان منترالے‘۔ وہ (پی ایم مودی) فہرست بناتے رہتے ہیں کہ اس نے مجھے گالی دی، اس نے بے عزتی کی، وہ اپنا وقت ضائع کیوں کر رہے ہیں؟ یہ کام ’اپمان منترالے‘ کر دے گا۔ ان کا (پی ایم مودی کا) وقت ملک کے لیے کام کرنے میں، روزگار دینے میں لگنا چاہیے۔‘‘

پرینکا گاندھی جب سونبرسا میں عوام سے خطاب کر رہی تھیں، تو لوگوں کی زبردست بھیڑ ان کے استقبال کے لیے موجود تھی۔ جب وہ وزیر اعظم نریندر مودی اور بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے ناکامیوں اور عوام مخالف پالیسیوں کا تذکرہ رہی تھیں تو انھیں عوام کی زبردست حمایت بھی حاصل ہو رہی تھی۔ کچھ ایسا ہی نظارہ لکھی سرائے کے جلسہ میں بھی دیکھنے کو ملا۔ وہاں پرینکا گاندھی نے بلند آواز کے ساتھ کہا کہ ’’بہار اب نریندر مودی-نتیش کمار کے جھانسے میں نہیں آنے والا۔ ہر جھوٹ کا حساب دینا ہوگا، ہر ناانصافی کا جواب دینا ہوگا۔‘‘ انھوں نے اسٹیج سے ’بدلے گی سرکار، بدلے گا بہار‘ نعرہ بھی بلند کیا۔


روسڑا میں روڈ شو کے دوران لوگوں کی بھیڑ دیکھ کر پرینکا گاندھی بہت خوش نظر آئیں۔ وہ جگہ جگہ لوگوں سے ہاتھ ملاتی اور بات کرتی ہوئی بھی دکھائی دیں۔ وہ کھلی چھت والی کار پر مہاگٹھ بندھن امیدوار کے ساتھ بیٹھی ہوئی تھیں، جس کی کچھ تصویریں انھوں نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر شیئر بھی کی ہیں۔ اس پوسٹ میں انھوں نے لکھا ہے کہ ’’جس بہار کی محنت کش عوام اپنے خون پسینے سے پورے ملک کو سینچتی ہے، اسی بہار کے نوجوان آج روزگار کے لیے ترس رہے ہیں۔ پوری ریاست بے روزگاری، ہجرت اور پیپر لیک سے بے حال ہے۔‘‘

پرینکا گاندھی کا کہنا ہے کہ ’’جنتا دل یو-بی جے پی کی بدتر حکمرانی نے بہاری عوام سے ان کا روزگار، ان کا حق سب چھین لیا ہے۔ ریاست کی عوام بہار اور حکومت دونوں بدلنے کے لیے تیار ہے۔‘‘ سوشل میڈیا پوسٹ میں کانگریس جنرل سکریٹری لکھتی ہیں کہ ’’بہار میں سمستی پور کے روسڑا میں روڈ شو کے دوران عوام کا جوش اس بات کا ثبوت ہے کہ بہار میں تبدیلی آنے جا رہی ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔